ahsan-iqbal

اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی معیشت کی کایا پلٹ دے گا

ترقی و منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے جس سے ہمارے اندر امید اور اعتماد پیدا ہورہا ہے اور اہداف کے حصول کیلئے تقویت مل رہی ہے۔سرکاری ریڈیو کے مطابق احسن اقبال نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں پاکستان کو کاروبار اورتجارت کا مرکز بنانے اورجنوبی ایشیا،چین اوروسطی ایشیا کو مصنوعات کی فراہمی کے لئے اقتصادی اور جغرافیائی حیثیت سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی معیشت کی کایا پلٹ دے گااورپاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنائے گا۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق صوبوں کے تحفظات دور کردئیے ہیں اور خیبرپختونخوا اوربلوچستان سمیت پورا ملک اس منصوبے سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا۔انہوں نے کہاکہ لواری ٹنل کی تعمیر حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ اس سال مکمل ہوجائے گا۔