Wednesday , February 22 2017
hqdefault

ریسکیو1122،بروقت ریسپانڈ سے 36ارب سے زائد نقصانات کو بچایا

ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122)ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع میں سال 2016 میں پیش آنے والے آتشزدگی کے حادثات کاجائزہ لیتے ہوئے کہاکہ آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے حادثات کومدِنظررکھتے ہوئے فائراور لائف سیفٹی قوانین پرعملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ عمارتوں میں فائر سیفٹی کے معیارکو بلڈنگ بائی لاز کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ عوام الناس کو آگ کے حادثات میں محفوظ رکھا جا سکے بالخصوص بلند و بالا عمارتوں میں فائراینڈ لائف سیفٹی قوانین کا اطلاق قیمتی جانوں کو بروقت ریسکیو میں مددگار ہوتاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ کے حادثات کے دوران بلند و بالا عمارتوں میں ہنگامی انخلاء کے راستے ریسکیو کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

پراونشل مانیٹرنگ سیل کے اعدادوشمارکے مطابق ریسکیو 1122فائرسروس نے پنجاب میں14033آتشزدگی کے حادثات میں بروقت ایمرجنسی ریسپانس اور پیشہ وارانہ فائر فائٹنگ سے 36ارب روپے سے زائد نقصانات کو بچایا۔ان حادثات میں 904افرادمیں سے 221افرادلاہور؛130راولپنڈی جبکہ 125افراد فیصل آباد میں بروقت ریسکیو کیے گئے۔ پروانشل مانیٹرنگ سیل کے مطابق 7321آتشزدگی کے واقعات کی وجہ شارٹ سرکٹ؛795گیس لیکج،2869واقعات کی وجہ لاپرواہی ،134ایل پی جی سلنڈرحادثات، 136جنگلات کی آگ،486نامعلوم جبکہ 1973آتشزدگی کے واقعات دیگروجوہات کی بناپروقوع پذیرہوئے۔مزید برآ ں ریسکیو 1122فائرسروس نے آتشزدگی کے واقعات میں کل 530زخمی افرادکو ہسپتال منتقل کیاجبکہ302افراد کوموقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔2016میں آتشزدگی کے حادثات میں 72افراد جاں بحق ہوئے ۔

اعدادوشمارکے مطابق کل 4468آتشزدگی کے واقعات صنعتی علاقوں ؛4622رہائشی علاقوں جبکہ 4943واقعات دیگرجگہوں پروقوع پذیرہوئے۔ڈائریکٹر جنرل پنجا ب ریسکیو1122ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ اگرچہ ریسکیو 1122کی 2007میں قائم ہونے والی فائر سروس نے اب تک 86ہزار سے زائد آتشزدگی کے واقعات پر بروقت اور پیشہ وارانہ فائر فائٹنگ سے اربوں کے نقصانات کو بچایا تاہم آ گ سے بچاؤکیلئے ایک موثرنظام وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے تحت بلند و بالا عمارتوں میں فائر سیفٹی کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہاکہ موثر فائر فائٹنگ کا تعلق عمارتوں میں فائر سیفٹی کے معیار کو یقینی بنانے سے ہے جس کے تحت محفوظ عمارت کی تعمیر، مناسب ایمرجنسی انخلاکے راستے اور سیڑھیاں، فائرالارم، آگ بجھانے کے آلات ،فائرہائیڈرنٹس کی تنصیب ، بلندوبالاعمارات اور صنعتوں میں سپرنکلرسسٹم کی موجود گی ہے ۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے بلند و بالا عمارات کی تعمیر میں بنیادی فائر سیفٹی کے معیار کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مالکان فائرسیفٹی اقدامات کی اہمیت کو سمجھیں اور اپنی زندگیوں اور کاروبارکوخطرے میں مت ڈالیں