Wednesday , February 22 2017
kq5cllwk

عمران خان الزامات پرزبردستی فیصلہ لینا چاہتے ہیں، انوشہ رحمان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان ثبوتوں کے بجائے الزامات پرزبردستی فیصلہ لینا چاہتے ہیں،جبکہ وزیرمملکت مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان عوام کی عدالت سے بھی بچ نہیں پائیں گے۔بدھ کوسپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعظم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی استدعا کی گئی، تاہم سات روز میں مخالف وکیل نے ای سی ایل پر ایک دلائل بھی نہیں دیا،عمران خان زبردستی اپنے فیصلے صادر کرناچاہتے ہیں۔وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جھوٹ اور انتشار کی سیاست عوام کو قبول نہیں ہے، جبکہ عمران خان عوام کی عدالت سے بچ نہیں پائیں گے اور انکے ہاتھ مایوسی کے سوا کچھ نہیں آ ئے گا۔ ہم نے تمام ثبوت مستند فورم پر پیش کردیے ہیں عمران خان بتائیں ان کے ثبوت کہاں ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عدالت میں شاعری اور اداکاری ہوئی، جبکہ ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔ ہم روز پی ٹی آئی کے ثبوت دیکھنے آتے ہیں، تاہم جو ثبوت پریس کانفرنس میں دیکھاتے رہے وہ عدالت میں نہیں پیش کئے گئے۔