ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار ہوگئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار ہوگئی ہے جب کہ درجنوں مشتبہ مریض بھی سامنے آئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار ہوگئی ہے۔ سندھ میں 413، پنجاب میں 296، بلوچستان میں 115، گلگت بلتستان میں 81، خیبر پختونخوا میں 78 جب کہ اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے تاہم اس سے ایک بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وائرس سے اب تک 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، 5 کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 19 افراد مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم میں کورونا کے مزید 14 مریض کنفرم ہوگئے ہیں اور یہ تمام لوگ یا تو بیرون ملک سے آئے تھے یا ان کے قریبی رشتہ دار ہیں۔وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ مردان کی یونین کونسل منگا سے 39 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔