Buy website traffic cheap

سرفراز احمد

اچھا اسٹارٹ نہیں مل سکا سرفراز احمد نے ناکامی کا ملبہ شاٹ سلیکشن پر ڈال دیا

لاہور(ویب ڈیسک): ایشیاء کپ میں روایتی حریف بھارت کیخلاف اچھا اسٹارٹ نہ ملنے کا گلہ کرنے والے قومی کپتان سرفراز احمد نے ناکامی کا ملبہ شاٹ سلیکشن پر ڈال دیا،ان کا میچ میں آسان شکست کے بعد کہنا تھا کہ ان کے بیٹسمینوں نے خراب شاٹس کھیل کر خود وکٹیں گنوائیں،ابتدائی پانچ اوورز میں اوپنرز کی واپسی سے دباؤ آگیا اور متواتر وکٹیں گرنے سے کھیل میں کم بیک نہیں کرسکے۔ سرفراز احمد کا میچ کے اختتام پر کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کو ٹاس جیتنے کے بعد اچھا آغاز نہیں مل سکا کیونکہ ابتدائی پانچ اوورز میں دو وکٹیں گر گئی تھیں،اگرچہ بابر اعظم اور شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھالا لیکن متواتر وکٹیں گنوانے کے سبب کھیل میں واپسی کا موقع ہی نہیں مل سکا اور یہ کہا جا سکتا ہے کہ پاکستانی بیٹسمینوں نے اچھی بیٹنگ نہیں کی اور خراب شاٹ سلیکشن کے سبب اپنی وکٹیں خود ہی گنوا دیں۔ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے سوا دیگر تمام بیٹسمین بڑی آسانی سے اپنی وکٹیں کھو بیٹھے لہٰذا اب انہیں سوچنا پڑے گا کہ مستقبل میں کس طرح کھیلنے کی کوشش کی جائے۔قومی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ اس میچ میں بھارت کے دو اہم اسپنرز کا سامنا کرنے کیلئے تیار تھے لیکن تیسرے اسپن بالر کیدار جادھو کو وکٹیں دے بیٹھے تاہم یہ سپر فور مرحلے سے قبل ان کیلئے اچھی ویک اپ کال ہے اور انہوں نے اس میچ میں جو غلطیاں کی ہیں ان کو دور کر کے آئندہ میچوں میں زیادہ بہتر کھیل پیش کریں گے۔بھارتی کپتان روہیت شرما کا کہنا تھا کہ میچ کے آغاز سے ہی وہ نظم و ضبط کے ساتھ کھیلنے میں کامیاب رہے کیونکہ وہ ہانگ کانگ کیخلاف کی جانے والی غلطیوں کا مداوا کرنا چاہتے تھے لیکن بالرز نے اس وقت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جب وہ کنڈیشنز کو کافی مشکل محسوس کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ میچ کیلئے جو پلان بنایا تھا اس پر عمل کی بدولت کامیابی نصیب ہوئی۔