Buy website traffic cheap

وقاریونس

کرکٹرزعہدے لینے بنی گالہ نہیں جارہے، عمران خان کیساتھ ملاقات کو غلط رنگ دیے جانے پر وقاریونس برس پڑے

لاہور(ویب ڈیسک): عمران خان سے سابقہ کرکٹرز کی ملاقاتوں پر تنقید کے باعث وقار یونس نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی عام انتخابات میں کامیابی پر کرکٹرز سب سے زیادہ خوش ہیں، اس کا اندازہ ان تصاویر سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے جن میں سابق اور موجودہ پلیئرز بنی گالہ میں سابق کپتان کو مبارکباد دیتے ہوئے نظرآرہے ہیں۔ ان میں سابق فاسٹ بولر وقار یونس بھی شامل ہیں جو خاص طور پر عمران خان سے ملنے سڈنی سے پاکستان آئے۔ دونوں کا ایک خاص تعلق اس لیے بھی بنتا ہے کہ جب وقاریونس نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کی ابتدا کی تو ان کے پہلے کپتان عمران خان ہی تھے،کئی دیگر کرکٹرز کی طرح وہ بھی عمران خان سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں۔برطانوی نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں وقار یونس نے اس بات کا بھی گلہ کیا کہ کچھ حلقے کرکٹرز کے بنی گالہ جانے کو منفی تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ بعض لوگوں نے یہ تاثر دیا کہ کرکٹرز عہدوں کی ضرورت کے پیش نظر بنی گالہ جا رہے ہیں، وہ عمران خان سے کچھ لینا چاہتے ہیں۔ یہ سراسر غلط ہے،کرکٹرز کو عہدوں کی ضرورت نہیں ہے، ہم سب عمران خان کے ساتھ کھیل چکے، وہ ہمارے کپتان اور استاد رہ چکے،ان سے ہم نے بہت کچھ سیکھااسی ناطے یہ ہمارا فرض بنتا تھا کہ ان سے ملاقات کر کے کامیابی پر مبارکباد دیں۔وقار یونس کو یقین ہے کہ عمران خان کرکٹ کی طرح ملک کی قیادت بھی کامیابی کے ساتھ سنبھالتے ہوئے اسے مشکلات سے نکالیں گے، انھوں نے کہا کہ عمران کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ انھوں نے کرکٹ میں کبھی بھی ہار نہیں مانی نہ ہی وہ سیاست میں حوصلہ ہارے، جب وہ کرکٹ میں تھے تو انھوں نے محنت اور حوصلہ مندی سے خود کو ایک کامیاب ا?ل راو?نڈر وکپتان ثابت کیا۔ اب وہ سیاست میں خود کو ایک ایماندار لیڈر کے طور پر ثابت کرچکے ہیں۔سابق پیسر نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں کرپشن ہے اور ہم قرضوں تلے دبے ہوئے ہیں، صحت، تعلیم، پانی، بجلی اور کئی دیگر مسائل موجود ہیں،اس صورتحال میں ہمیں ایک سچے اور ایماندار لیڈر کی ضرورت ہے،عمران خان سے زیادہ بہتر شخص اور کوئی نظر نہیں آتا، انھوں نے کہا کہ مسائل حل ہونے میں وقت لگے گا لیکن مجھے امید ہے کہ عمران خان کی لیڈرشپ ملک کو ترقی کی طرف لے جائے گی۔