بنیادی صفحہ -> سپورٹس کی خبریں -> آخری ٹی 20 ؛ پاکستان کو جیت کیلئے 148 رنز کا ہدف

آخری ٹی 20 ؛ پاکستان کو جیت کیلئے 148 رنز کا ہدف

لاہور(ویب ڈیسک) سری لنکا نے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کو جیت کیلئے 148 رنز کا ہدف دیا ہے

تفصیلات کے مطابق : قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔ ابتدا میں گرین شرٹس کے بولرز نے قدرِ اچھی بولنگ کرتے ہوئے 58 رنز پر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا جس کے بعد پانچویں وکٹ پر کپتان شناکا اور فرنینڈو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کر کے مجموعے کو 134 تک پہنچایا، اس دوران فرنینڈو نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی جب کہ فیلڈرز نے کیچز بھی چھوڑے۔ ٹاس کے موقع پر سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ پوری سیریز میں ہماری ٹیم بہت اچھا کھیلی جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے جب کہ قومی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آج کا میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، ناقص کارکردگی پر عمر اکمل، احمد شہزاد اور محمد حسنین کو ڈراپ کر کے حارث سہیل، افتخار احمد اور عثمان شنواری کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے اور گرین شرٹس کو کلین سوئپ کی ہزیمت سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن ناتجربہ کار مہمان ٹیم سب کچھ بہا لے گئی، نوجوان بولر محمد حسنین کی ہیٹ ٹرک بھی شکست سے نہ بچاسکی۔ سری لنکا کے 165رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 20 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور 18ویں اوور میں 101رنزپر ڈھیر ہو گئی۔ دوسرے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 182 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑاگئی اور ایک بار پھر پوری ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*