کابل،گوردوارے میں خودکش حملہ،25 افراد ہلاک اور 10 زخمی

کابل:(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان میں سکھوں کے سب سے نمایاں گوردوارے پر خود کش حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق علی الصبح دارالحکومت کابل میں واقع سکھوں کی عبادت گاہ کے اندر داخل ہونے کی کوشش میں ناکامی پر ایک حملہ آور نے خود کو زوردار دھماکے سے اُڑا دیا جس کے بعد دیگر مسلح حملہ آور گوردوارے کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے اور شہریوں کو یرغمال بنالیا۔

Photos show security forces transferring victims of the attack at Dharamshala, a Sikh worship area in PD1 of #Kabul. #Afghanistan pic.twitter.com/NDyCvmWnH9
— TOLOnews (@TOLOnews) March 25, 2020

خودکش حملے کی اطلاع ملتے ہی افغان اور غیر ملکی فوج کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور گورد وارے کا محاصرہ کرلیا۔ حملہ آوروں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان 6 گھنٹے تک گھمسان کی جنگ جاری رہی جس کے دوران مجموعی طور پر 25 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔گورنر کابل کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ غیر ملکی فوجیوں نے گوردوارے کے اندر داخل ہوکر یرغمالیوں کو بازیاب کرایا، اس دوران ایک حملہ آور مارا گیا جب کہ دو نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا۔ 3 حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جبکہ ترجمان طالبان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سب کے مذہبی مقامات کا احترام کرتے ہیں۔