Buy website traffic cheap

بابراعظم

بابراعظم آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئرمیں شامل

لاہور(ویب ڈیسک): پاکستانی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو دوسری مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل کر لیا گیا، دائیں ہاتھ کے بلے باز اس سے قبل 2017ء میں بھی آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا حصہ رہ چکے ہیں۔

بدھ کے روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اعلان کردہ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں موجود دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما، شائی ہوپ، ویرات کوہلی، کیسن ولیمسن، بین سٹوکس، جوز بٹلر، مچل سٹارک، ٹرینٹ بولٹ، محمد شامی اور کلدیپ یادیو کے نام شامل ہیں۔ کلینڈر ایئر 2019ء میں بابر اعظم نے 20 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 60.66 کی اوسط اور 92.30 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1092 رنز سکور کیے۔ اس دوران انہوں نے تین سنچریاں اور چھ نصف سنچریاں سکور کیں۔ 2019ء میں بابر اعظم نے اپنی پہلی سنچری ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے خلاف سکور (115 رنز)کی۔ انہوں نے دوسری سنچری نیوزی لینڈ کے خلاف بنائی (101 رنز ناٹ آؤٹ)جبکہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سری لنکا کے خلاف 115 رنز کی اننگز بابر اعظم کی کیلنڈر ایئر میں تیسری سنچری تھی۔ آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کے اعزاز کا آغاز 2004ء میں شروع کیا تھا جہاں اب تک مختلف ادوار میں آٹھ پاکستانی کرکٹرز یہ اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں، 2005ء میں انضمام الحق اور رانا نوید الحسن، عمر گل 2009ء اور 2011، 2012 میں شاہد آفریدی اور سعید اجمل، 2013ء میں سعید اجمل، 2014ء میں محمد حفیظ جبکہ 2017ء میں بابر اعظم اور حسن علی آئی سی سی ایک روزہ ٹیم آف دی ایئر کا حصہ رہ چکے ہیں۔ 2019ء میں پہلی بار آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنے والے بابر اعظم 474 رنز بنا کر میگا ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں، بابر آئی سی سی ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ اس موقع پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ انٹرنینشل کرکٹ کونسل اور جیوری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے 2019ء میں ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل کیا۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے بھرپور سپورٹ کیا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور ندا ڈار دونوں کو مبارکبادپیش کرتے ہیں، دونوں کرکٹرز نہ صرف قومی کرکٹ کا اثاثہ ہیں بلکہ وہ آئندہ نسلوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت بھی رکھتے ہیں۔ وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اس وقت آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ 2020ء کے سلسلے میں جنوبی افریقا میں موجود ہے، انہیں امید ہے کہ بابر اعظم کا یہ اعزاز نوجوان کرکٹرز کے لیے حوصلہ افزائی کا سبب بنے گا۔