Buy website traffic cheap


آسٹریلیا کیخلاف ہر میچ میں عمدہ پرفارم کروں گا

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے خطرناک عزائم ظاہر کر دئیے ہیں جن کا کہنا ہے کہ اس وقت بھرپور فارم میں ہوں جسے مستقبل میں بھی جاری رکھنا چاہتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق ؛ ایک انٹرویو کے دوران بابراعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پلان کے مطابق مثبت انداز میں کرکٹ کھیلوں گا، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہت اچھا مقابلہ ہوگا، ہماری بیٹنگ کے ساتھ باﺅلنگ بھی اچھا پرفارم کر رہی ہے، ہمارے نوجوان کھلاڑی بھی بھرپور فارم میں ہیں اور انہوں نے پچھلے میچ میں بڑی شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ تین روزہ میچوں کے بعد دو روزہ میچ بھی ملا ہے جس کی وجہ سے اچھی خاصی فارم ہے،کوشش یہی ہے کہ جتنی لمبی اننگز کھیلیں، اتنا ہی اچھا ہے، یہاں پر تھوڑی سی مختلف قسم کی وکٹیں ہیں تاہم یہاں کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے بھر پور پریکٹس کر رہے ہیں۔ ایک سوال پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پریکٹس میچ کی طرح ٹیسٹ میچ میں بھی عمدہ پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، آسٹریلوی پچوں پر تھوڑا سا باﺅنس زیادہ ہوتا ہے اور گیند بھی تیز نکلتی ہے،آپ کو جتنا کھیلنے کا موقع زیادہ ملتا ہے، اتنا ہی آپ ان وکٹوں کے ساتھ ہم آہنگ ہو جاتے ہو، میرا یہی مقصد ہوتا ہے کہ میں ہر میچ میں عمدہ پرفارم کروں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی اپنے ملک کی کنڈیشنز میں بہت اچھا کھیلتے ہیں، بخوبی جانتے ہیں کہ کیسی باﺅلنگ کرنی ہے ، میں پلان کے مطابق مثبت انداز میں کرکٹ کھیلوں گا۔