پاکستان،کورونا سے صحتیاب افراد کا پلازما علاج کےلیے استعمال کرنے پر غور

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)چین اور امریکا کے بعد اب پاکستانی حکومت نے بھی کورونا وائرس سے شدید طور پر متاثرہ افراد کے علاج کےلیے اس بیماری (کووِڈ 19) سے صحت یاب ہوجانے والے افراد کا بلڈ پلازما استعمال کرنے پر مشاورت شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ اس بارے میں چین کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ وہاں کورونا وائرس سے شدید متاثرہ افراد کا علاج کرنے کےلیے صحت یاب ہوجانے والوں کا بلڈ پلازما (خوناب) لگانے پر بہت کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

’’میڈیا‘‘ کے مطابق، اب حکومتِ پاکستان نے بھی اسی تکنیک پر ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے جبکہ باقاعدہ لائحہ عمل کا اعلان آئندہ 36 گھنٹوں میں متوقع ہے۔صوبائی وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی اس حوالے سے امراضِ خون کے مشہور پاکستانی ماہر اور ’’نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈزیز اینڈ بون میرو ٹرانس پلانٹیشن‘‘ کے سربراہ، ڈاکٹر طاہر شمسی سے رابطوں کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر طاہر شمسی سے اس ضمن میں تمام تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔