Buy website traffic cheap


طاہرالقادری نے مسلم امہ کو مسائل کے حل کیلئے بہترین مشورہ دیدیا

لاہور(ویب ڈیسک) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ریاض سعودی عرب میں او آئی سی کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر مختلف اسلامی ممالک کے سفرا اور بین الاقوامی شہرت یافتہ جامعات کے سربراہان نے ملاقات کی اور انہوں نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ان کے تحریر کیے گئے فتوی کی کاپی حاصل کی اور اسے فکری اعتبار سے اسلامی دنیا کی ایک عظیم خدمت قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق : اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام دین امن ہے اور امن کی یہ تعلیمات ہمیں براہ راست قرآن مجید سے ملتی ہیں، فروغ امن کیلئے او آئی سی اور اس کے ذیلی فورم اتحاد بین المسلمین اور امہ کو درپیش چیلنجز کے حل کیلئے بہترین ہیں، عالم اسلام کے جملہ دکھتے ہوئے مسائل اس پلیٹ فارم پر زیر بحث آتے رہنے چاہئیں اور اسلامی دنیا کے سکالرز، محققین کو باہم تبادلہ خیال کرتے رہنا چاہیے، گریٹ ڈیبیٹ سے ہی راستے نکلیں گے ۔

دریں اثناءڈاکٹر طاہرالقادری او آئی سی کانفرنس میں شرکت کے بعد مدینۃ المنورہ پہنچے جہاں انہوں نے نماز جمعہ ادا کی اور پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا کی، نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران انہیں کوئٹہ دہشت گردی کی افسوسناک خبر ملی، انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے درپے درندہ صفت عناصر اپنے مذموم مقاصد کیلئے خوف وہراس پھیلارہے ہیں اور پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کی جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اس کے باوجود دہشتگرد پاکستان کے جری اور بہادر عوام کے حوصلے کمزور نہیں کر سکے، انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ بھی وہ ایسا نہیں کر سکیں گے، پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف متحد اور پرعزم ہیں، وہ جانتے ہیں کہ دہشت گرد عناصر اسلام کے نام پر گمراہی پھیلارہے ہیں حالانکہ اسلام انسانیت کا محافظ دین ہے۔