مکہ اور مدینہ میں غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی حکومت نے کورونا وائرس وبا کی وجہ سے حفاظتی تدابیر کے تحت مقدس شہروں مکہ اور مدینہ میں کرفیو نافذ کر دیا ہے جس کا اطلاق حرم شریف اور مسجد نبوی پر بھی ہوگا۔

عرب میڈیا کے مطابق مکہ اور مدینہ میں پورے دن کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے تاہم صبح 6 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک شہریوں کو دوائی اور کھانے پینے کی اشیاء لینے کے لیے گھر سے نکلنے کی اجازت ہوگی تاہم یہ رعایت خاندان کے ایک فرد کیلیے ہوگی۔کرفیو کے دوران تمام تجارتی سرگرمیاں اور ذرائع آمد ورفت بند رہیں گے۔ وقفے کے دوران صرف دوائی اور ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے نوجوانوں کو اجازت ہوگی۔ بچوں اور بزرگوں کو گھر پر ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ صحت، میڈیا ورکز اور میونسپل کے خصوصی عملے کو استثنیٰ حاصل ہوگی۔

عالمی ادارہ صحت کے اعداد وشمار کے تحت سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 1 ہزار 720 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس کی وجہ سے 16 افراد لقمہ اجل بن گئے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے غیر یقینی حالت کے پیش نظر حج کے خواہش مند افراد کو ویزہ پروسس سمیت تمام تیاریوں کو تا حکم ثانی موخر کرنے کی ہدایت کی ہے۔