یورپ نے کورونا کے مریضوں پر ملیریا کی دوا کا استعمال روک دیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)یورپی ممالک نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے ملیریا کی دوا کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی ممالک کی حکومتوں نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے محتاط انداز میں استعمال کی جانے والی ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئن کو کووڈ 19 کے مریضوں پر استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل عالمی ادارہ صحت بھی کورونا کے علاج کے لیے ہائیڈروکسی کلوروکوئن کے کلینیکل ٹرائل کو روکنےکی ہدایت دے چکا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہےکہ عالمی ادارہ صحت اور یورپی ممالک کی جانب سے ہائیڈروکسی کلوروکوئن کے استعمال کو روکنے سے کورونا کے علاج کی امیدوں کو دھچکا لگا ہے۔