Buy website traffic cheap


ایف اے ٹی ایف کے ورکنگ گروپ کا اجلاس پیرس میں جاری

لاہور(ویب ڈیسک): فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے پلینری ورکنگ گروپ کا اجلاس پیرس میں شروع ہوگیا، پاکستان کی پیش رفت رپورٹ کا ورکنگ گروپ آج اور کل جائزہ لے گا۔

اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستانی وفد وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی سربراہی میں پیرس پہنچ گیا، اعلیٰ حکومتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں 39 ممبران پاکستانی پیشرفت رپورٹ کا جائزہ لیں گے، ورکنگ گروپ 18 یا 19 اکتوبر کو پاکستان کی پیش رفت رپورٹ پر فیصلہ کرے گا۔ حکام نے امکان ظاہر کیا کہ پاکستان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ حکومت پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، اس کے علاوہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے انتظامی و قانونی اقدامات بھی کئے گئے ہیں، امید ہے پاکستان بھرپور سفارت کاری اور اقدامات کے باعث بلیک لسٹ سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر کسی رکن ملک نے پاکستان کے خلاف قرار داد جمع کرائی کہ پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالا جائے تو پاکستان کو تین ممالک کی حمایت درکار ہوگی تاکہ اس قراردار کو رد کروایا جاسکے، حکام نے بتایا کہ چین، ترکی اور ملائشیا پاکستان کے خلاف پیش کی جانے والی کسی بھی قرارداد کو ویٹو کرسکتے ہیں۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کو گرے لسٹ سے بھی نکال سکتا ہے یا پھر پاکستان کو اگلے اجلاس تک رہ جانے والے نکات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کرسکتا ہے۔ یاد رہے کہ فیٹف کی سربراہی اس وقت چین کے پاس ہے جبکہ ترکی، ملائشیا اور سعودی عرب بھی اس کے رکن ہیں۔