Buy website traffic cheap


تعلیم و تربیت پروگرام کی بحالی کا فیصلہ ہمارے نزدیک اہمیت کا حامل ہے

لاہور(ویب ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کے لیے بین الاقوامی عسکری تعلیم و تربیت پروگرام کی بحالی کا فیصلہ ہمارے نزدیک بہت اہمیت کا حامل ہے۔

واشنگٹن میں امریکی نائب سیکرٹری دفاع جان روڈ نے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں پاک امریکا دفاعی تعلقات اورخطے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی انڈرسیکرٹری دفاع نے وزیرخارجہ کوپاک امریکا دفاعی تعاون کی موجودہ نوعیت سے آگاہ کیا اور وزیرخارجہ نے انہیں پاکستان کی جانب سے جنوبی ایشیائی خطے میں قیام عمل کیلئے کی جانے والی مختلف کاوشوں سے آگاہ کیا۔ دونوں نے ایران امریکا کشیدگی میں کمی لانے اورخطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی جانب سے متحرک اورمثبت کردارادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اورامریکا کے مابین دفاعی اورسیکورٹی تعاون، ہمارے دو طرفہ تعاون کی اہم کڑی ہے، پاکستان نے اسی لئے کشیدگی کم کرنے اورامن کاوشیں بروئے کارلانے کا فیصلہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پورے خطے کیلئے خطرات کا موجب بن سکتی ہے، امریکا کی جانب سے بین الاقوامی عسکری تعلیم و تربیت پروگرام کی بحالی کا فیصلہ ہمارے نزدیک بہت اہمیت کا حامل ہے، اس فیصلے سے دونوں ممالک کے مابین عسکری تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔