قومی کرکٹرز کیلئے کٹوتی کی بجائے اضافے کی خوشخبری

لاہور(سپورٹس ڈیسک)نیا سینٹرل کنٹریکٹ پانے والوں کی تنخواہوں میں اضافہ یقینی ہوگیا، کرکٹرز کو خوشخبری سنا دی گئی۔

قومی کرکٹرز کیلیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان بدھ کو کیا گیا تھا،تاحال تنخواہوں میں متوقع اضافہ کے حوالے سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باوجود تنخواہوں میں کٹوتی نہ کرنے کا اعلان پہلے ہی کردیا گیا تھا، سینٹرل کنٹریکٹ کے ساتھ تنخواہوں میں اضافہ یقینی ہے،اس کی شرح اور نئے پیکیج کی تیاری کیلیے کام جاری ہے جس کے مکمل ہوتے ہی تفصیلات بھی جاری کردی جائیں گی، دوسری طرف مشکل صورتحال کے باوجود تنخواہوں میں کٹوتی کے بجائے اضافے پر کرکٹرز خوشی سے سرشار ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک کھلاڑی نے کہا کہ معاوضوں کی ادائیگی جاری رہنا سب کیلیے باعث اطمینان ہے، حالات جلد بہتر اور کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہوں تو یہ خوشی دوبالا ہوجائے گی۔ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں 10 سے 20فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ آئندہ ماہ ختم ہونے سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت اے کیٹیگری میں شامل پلیئرز کو ماہانہ11 لاکھ روپے ملتے ہیں، بی کیٹیگری والوں کی ماہانہ تنخواہ ساڑھے 7لاکھ روپے اور سی والوں کی ساڑھے 5 لاکھ روپے ہے۔دوسری جانب ٹیسٹ فیس میں 20 سے 25 فیصد اضافے کا امکان ہے،فی الحال اے کیٹیگری میں شامل کرکٹرز کو فی ٹیسٹ7 لاکھ 62 ہزار300 روپے بطور فیس ملتے ہیں،اضافے کے بعد یہ رقم 10 لاکھ تک ہو سکتی ہے۔