حلقہ اربابِ ذوق ، لاہور، کے سالانہ انتخابات
حلقہ اربابِ ذوق، لاہور کے سالانہ انتخابات کا اہم مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچا۔اِن انتخابات کی ذمہ داری موجودہ انتظامیہ عقیل اختر(سیکرٹری) اور بابرریاض (جوائنٹ سیکرٹری )نبھارہے تھے اور الیکشن کمشنر کے فرائض شفیق احمد خان سرانجام دے رہے تھے۔ اگلے سیشن کے لیے فریحہ نقوی بلامقابلہ جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہو چکی تھیں اور اب حلقہ کے ممبران نے آئندہ برس کے لیے حلقہ اربابِ ذوق، لاہور کے سیکرٹری کا انتخاب کرنا تھا جس کے لیے دو امیدواران سرفراز صفی اور عامر فراز میدان میں تھے۔ ووٹنگ کے آغاز کے لیے سہ پہر تین بجے کا وقت رکھا گیا تھا جس سے پہلے ہی پاک ٹی ہا¶س میں لوگ جمع ہونا شروع ہو چُکے تھے۔ تین بجے ووٹنگ کا آغاز ہوا اور پہلا ووٹ طارق اسد نے کاسٹ کیاجس کے بعدممبران تشریف لاتے اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے رہے۔ یہ سلسلہ رات آٹھ بج کر دس منٹ تک جاری رہا۔ امیدواران کی مشترکہ درخواست پر الیکشن کمشنر نے دس منٹ کا وقت بڑھا دیا تھا۔ آخری ووٹ حلقہ ارباب ذوق کے سینئر ممبر ڈاکٹر سعادت سعید نے کاسٹ کیا۔ ووٹنگ کے اختتام کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی۔ جس دوران تمام ممبران اور حاضرین ہال اور باہر سڑک پر نتیجے کے منتظر رہے۔ تقریباً پچیس منٹ کے بعد روایت کے مطابق پاک ٹی ہا¶س کی کھڑکی میں سے الیکشن کمشنر نے الیکشن کے نتیجے کا اعلان کردیا جس کے مطابق ڈالے گئے ووٹوں کی کُل تعداد 195 تھی۔ کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔ سرفراز صفی 29 ووٹ حاصل کرسکے جبکہ عامر فراز 166 ووٹ لیکر کامیاب قرارپائے۔حلقہ اربابِ ذوق کی اِس شاندارجمہوری روایت کے اگلے مرحلے میں موجودہ انتظامیہ سالانہ جلسے کا اہتمام کرے گی جس میں سیکرٹری حلقہ عقیل اختر کی جانب سے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے گی اور حلقے کا انتظام نئی انتظامیہ کے سپرد کردیا جائے گا۔