Buy website traffic cheap


لیگی رہنماء حمزہ شہباز کے عدالتی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

لاہور(ویب ڈیسک): آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی گئی۔ احتساب عدالت نے لیگی رہنما کو 16 اکتوبر کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جیل حکام نے منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر مل کے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو پیش کیا۔ دوران سماعت احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے استفسار کیا کہ منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کے خلاف ریفرنس کب فائل کریں گے جس پر نیب کے پراسکیوٹر حافظ اسد اللہ نے بتایا کہ تحقیقات مکمل ہونے پر ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ رمضان شوگر مل کے کیس میں نیب پراسیکیوٹر وراث علی ججوعجہ نے بتایا کہ حمزہ شہباز کے خلاف اس کیس میں ضمنی ریفرنس منظوری کے لیے نیب ہیڈکوارٹر بھجوایا جا چکا ہے، منظوری ملنے کے بعد ریفرنس عدالت میں دائر کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر مل میں ایک بار پھر عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے، انکے وکلاء نے انکی حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی اور بتایا قومی اسمبلی کے اجلاس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔ عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔