Buy website traffic cheap


آئی سی سی ٹیم آف ورلڈکپ کا اعلان کردیا

لاہور(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈکپ 2019ء کی آئی سی سی ٹیم آف ورلڈکپ کا اعلان کر دیا۔

کرکٹ شائقین کے لئے ایک اور بری خبر یہ ہے کہ آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2019 کی بیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے لیکن اس میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ کرکٹ کی عالمی باڈی کی طرف سے اعلان کر دہ ٹیم کا کپتان نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو بنایا گیا ہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے جیسن روئے، بھارت کے روہت شرما، انگلینڈ کے جوئے روٹ، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، انگلینڈ کے بین اسٹوکس، آسٹریلیا کے ایلکس کیری، آسٹریلیا ہی کے مچل اسٹارک، انگلینڈ کے جوفرا آرچر، نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن اور بھارت کے جسپریت بمرا شامل ہیں۔

بھارت کے روہت شرما نے 9 میچوں میں 648 رنز بنائے اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں میں ٹاپ پر رہے، کین ولیم سن نے ورلڈکپ کے 9 میچوں میں 82.57 کی اوسط سے 578 رنز کی اننگز کھیلی اور فہرست میں چوتھے نمبر پر رہے جب کہ انگلینڈ کے جوئے روٹ نے 556 رنز بنا کر پانچویں نمبر پر رہے۔ جیسن روئے 443 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے ٹورنامنٹ میں عمدہ آل راﺅنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 500 رنز بنانے کیساتھ ساتھ 10 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔ فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے بین اسٹوکس نے ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں 89 رنز بنانے کے بعد اینڈل فیلوک وائیو کا ناقابل یقین کیچ بھی پکڑا اور سری لنکا کیخلاف 82 رنز کی اننگز کھیلنے کے علاوہ آسٹریلیا کیخلاف 89 رنز بھی بنائے۔ ایلکس کیری نے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں مشکل وقت میں اپنی ٹیم کیلئے 71 گیندوں پر 72 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ انگلینڈ کیخلاف سیمی فائنل میچ میں بھی 46 گیندوں پر 70 رنز بنائے مگر اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے البتہ ٹورنامنٹ میں وہ 375 رنز بنا کر ورلڈکپ ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔ مچل اسٹارک نے ورلڈکپ کے 10 میچوں میں 27 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے نہ صرف آسٹریلین لیجنڈ بولر گلین میک گراتھ کا 26 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑا بلکہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہے۔ نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن 21 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے ٹورنامنٹ میں 20 وکٹیں حاصل کیں اور ٹاپ تھری بولرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔بھارت کے جسپریت بمرا نے ٹورنامنٹ میں 18 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ بولرز کی لسٹ میں پانچویں نمبر پر رہے۔