کورونا،احتیاط نہ کی تو صورتحال اٹلی جیسی ہوگی:ڈاکٹر عبدالباری

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)انڈس ہسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالباری نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں نرمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاط نہ کی تو خدانخواستہ صورتحال اٹلی جیسی ہو سکتی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا کہ جہاں مجمع ہو گا وہاں کورونا کے پھیلنے کا خدشہ ہو گا، چاہے مجمع مارکیٹ میں ہو یا مسجد میں اسے روکنے کی ضرورت ہے لہذا سب سے التجا ہے کہ غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں۔ڈاکٹر عبدالباری نے کہا کہ پاکستان کو وینٹی لیٹرز کی کمی کا سامنا ہے، کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھے تو ہسپتالوں کے لیے سنبھالنا مشکل ہو جائے گا اور اگر احتیاط نہ کی تو خدانخواستہ صورتحال اٹلی جیسی ہو سکتی ہے۔

انھوں نے ہدایت کی کہ صفائی کا خیال رکھیں اور ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈاکٹر عبدالباری نے خبر دار کیا ہے کہ مساجد کھولنے سے کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیلے گا۔

اس کے علاوہ پاکستان، برطانیہ اور سعودی عرب سے مختلف ماہرین نے علمائے کرام اور حکومت کو ایک خط لکھا ہے جس میں اپیل کی گئی ہے کہ علمائے کرام مساجد میں باجماعت نماز اور تراویح کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔