ایک دوسرے کی مدد سے کرونا کو شکست دینگے: عمران خان کا عزم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے کل ایک بڑے پیکیج کا اعلان کروں گا کیوں کہ ملک میں صنعت کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے اور بزنس کمیونٹی کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا مشکل میں ہے، پاکستان میں وبا کا پھیلاو دوسرے ممالک کی نسبت کم ہے اور ہم کورونا وائرس کے حوالے سے ہر روز میٹنگ کرتے ہیں، ہمارے ایک طرف کورونا دوسری طرف بھوک ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کا خاص کرم ہے جیسی صورتحال دوسرے ممالک میں ہے ہمارے ہاں نہیں، شادی ہال،سکول دوسرے عوامی مقامات مزید دو ہفتے کیلئے بند کر دیے ہیں، لوگوں کے اجتماع سے وائرس پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہے تاہم ہم موجودہ وسائل سے کورونا پر قابو پالیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کے اثرات سے کمزور طبقے کو سب سے زیادہ خطرہ ہے، مزدوروں کو بیروزگاری سے بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، مزدور طبقے کی امداد کیلئے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو احساس پروگرام سے پیسے دیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کنسٹرکشن انڈسٹری کو کھولنا ہے، کنسٹرکشن انڈسٹری کیلئے کل ایک بڑے پیکیج کا اعلان کروں گا، ملک میں صنعت کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے، بزنس کمیونٹی کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔