Buy website traffic cheap


بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف فوجی ٹوپیاں پہن کر میدان میں اترنا مہنگا پڑگیا

لاہور(ویب ڈیسک) آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر میدان میں اترنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کو جیت کیلئے 314 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ پاکستانی نژاد عثمان خواجہ نے 104 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان ایرون فنچ نے 93 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق : رانچی میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو بھارتی کھلاڑیوں کو روائتی ٹوپیوں کے برعکس فوجی ٹوپیاں پہنے دیکھ کر سب ہی حیران رہ گئے کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر کھیل کو سیاست کے رنگ میں رنگ دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 193 رنز بنا ڈالے۔ عثمان خواجہ 104 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ایرون فنچ نے 93، گلین میکس ویل نے 47، شون مارش نے 7، مارکوس سٹوئنس نے 31 اور ایلکس کیری نے 21 رنز بنائے اور یوں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو وکٹیں حاصل کرنے میں سب سے کامیاب باﺅلررہے البتہ رنز دینے میں وہ دیگر باﺅلرز سے پیچھے نہیں رہے اور 64 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد شامی نے صرف ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے فوجی ٹوپیاں پہنے جانے پر تنقید کا سلسلہ تو جاری تھا ہی مگر آسٹریلیا کی بہترین بیٹنگ کے بعد یہ تنقید اب ’ٹرولنگ‘ میں بدل گئی ہے اور سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں نے فوجی ٹوپیاں پہن تو لی ہیں لیکن اگر یہ میچ ہار گئے تو بھارتی عوام ان کیساتھ جو سلوک کرے گی اور جس طرح کی ٹرولنگ سوشل میڈیا پر کی جائے گی، ان کیلئے یہ شکست بھلانا کافی مشکل ہو جائے گا۔