Buy website traffic cheap


پہلا ٹیسٹ ؛ بھارت کے ہاتھوں بنگلہ دیش کوعبرتناک شکست

لاہور(ویب ڈیسک) بھارت نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 130 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار کر کے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہولکر کرکٹ سٹیڈیم اندور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 150 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ مشفیق الرحیم نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے جبکہ مومن الحق نے 37، لٹن داس نے 21، محمود اللہ نے 10 اور محمد متھن نے 13 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 13 اوورز میں 27 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایشانت شرما، اومیش یادیو اور روی چندرن ایشوین نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے 150 رنز کے جواب میں میانک اگروال کے 243 رنز کی بدولت 493 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ اجنکیا ریحانے نے 86 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ چتیشور پجارا نے 54، رویندرا جدیجہ نے 60، وردھیومن ساہا نے 12 اور اومیش یادیو نے 25 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ابو جید سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 25 اوورز میں 108 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عبادت حسین اور مہدی حسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 213 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور یوں بھارت نے یہ میچ ایک اننگز اور 130 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مشفیق الرحیم نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے جبکہ مہدی حسن نے 38، لٹن داس نے 35، محمد متھن نے 18 اور محمود اللہ نے 15 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے انتہائی عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس مرتبہ بھی 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور روی چندرن ایشوین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اومیش یادیو نے 2 اور ایشانت شرما نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔