Buy website traffic cheap


حکومت نے نواز شریف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے

لاہور(ویب ڈیسک) حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت کا میمورنڈم بھی جاری کردیا گیا ہے۔

میمورنڈم کے مطابق عبوری انتظام کے تحت نوازشریف کوباہرجانے کی ایک بار اجازت دینے کافیصلہ کیاگیا ہے اور انہیں 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک علاج کی غرض سے جانے کی اجازت لاہورہائی کورٹ کے حکم پردی گئی ہے۔وزارت داخلہ کے میمورنڈم میں شہبازشریف اور نوازشریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائے گئے بیان حلفی کا بھی حوالہ شامل ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کسی بھی ائیرپورٹ پر عدالتی حکم کی تصدیق شدہ نقل دکھا کر بیرون ملک جا سکیں گے۔

واضح رہے کہ 16 نومبر کو لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے انہیں اور شہباز شریف کو 4 ہفتوں میں وطن واپسی کے لیے حلف نامے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔اس سے قبل وفاقی کابینہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت 7 ارب روپے کے انڈیمنٹی بانڈ جمع کروانے کے ساتھ مشروط کی تھی جسے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مسترد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔