Buy website traffic cheap


ویسٹ انڈین اوپنرز نے امام اور فخر کا ریکارڈ توڑ دیا

لاہور(ویب ڈیسک) ویسٹ انڈین اوپنرز شئی ہوپ اور جون کیمبل نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں دوسری سب سے بڑی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کرتے ہوئے پاکستان کے امام الحق اور فخرزمان کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

دونوں کھلاڑیوں نے آئرلینڈ کیخلاف کھیلے گئے ون ڈے میچ میں اننگز کا آغاز کیا اور 365 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروا لیا۔ کیمبل نے 179 اور شئی ہوپ نے 170 رنز کی عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے ناصرف ریکارڈ قائم کیا بلکہ اپنی ٹیم کو 196 رنز سے فتح دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں دوسری مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ اوپننگ بلے بازوں نے انفرادی طور پر 150,150 رنز بنائے ہوں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کیمبل ویسٹ انڈین ورلڈکپ سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں جبکہ شئی ہوپ بھی ویسٹ انڈیز کے ریگولر کھلاڑیوں میں شامل نہیں مگر دونوں نے انتہائی زبردست ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ 372 رنز کا ریکارڈ بھی ویسٹ انڈیز کے پاس ہی ہے جو 2015ءکے ورلڈکپ میں مایہ ناز بلے باز کرس گیل اور مارلن سیمیولز نے زمبابوے کیخلاف بنایا تھا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 372 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امام الحق اور فخر زمان نے 2018ءمیں زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پہلی وکٹ پر 304 رنز بنائے تھے تاہم ویسٹ انڈین بلے بازوں نے یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔