Buy website traffic cheap

نیب آرڈیننس, اسلامی نظریاتی کونسل

” نیب آرڈیننس کو اسلام سے ہم آہنگ قرارنہیں‌دیا جاسکتا “

لاہور(ویب ڈیسک): اسلامی نظریاتی کونسل نے قرار دیا ہے کہ نیب آرڈیننس میں اس قدر سقم ہیں کہ اسے دین اسلام سے ہم آہنگ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الزام پر ہتھکڑی پہنانا، میڈیا میں تشہیر اور ثبوت کے بغیر قید کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے جبکہ شریک ملزم کی دوسرے ملزم کے خلاف شہادت معتبر نہیں ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وعدہ معاف گواہ اعتراف جرم کے بعد خود سزا کا حقدار ہے۔ آرڈیننس کی دفعہ 26 کے تحت شریک ملزم کو وعدہ معاف گواہ بنانا درست نہیں ہے۔ اس کے علاوہ نیب آرڈیننس میں پلی بارگین کی اجازت دینے کو بھی اسلامی احکامات کے منافی قرار دیا گیا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ الزام ثابت ہونے تک ملزم کے ساتھ مجرم والا سلوک جائز نہیں ہے۔ نیب آرڈیننس سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کی آرا پر مبنی اعلامیے کے مطابق دفعہ 14 ڈی اسلامی احکامات کے منافی ہے، اس کے تحت کرپشن کا الزام لگنے کے صفائی پیش کرنا ملزم کا کام ہے۔ اسلامی احکامات کے مطابق بار ثبوت الزام لگانے والے پر ہوتا ہے۔