Buy website traffic cheap


صوبائی دارالحکومت لاہورمیں سموگ شدت اختیارکرگئی، سکولزبند

لاہور(ویب ڈیسک): بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات کو لگائی جانے والی آگ کے دھویں نے سموگ کی شکل اختیار کرلی ہے۔ سرحدی علاقوں سمیت صوبائی دارالحکومت شدید متاثر ہوا ہے، گزشتہ رات شہر کا اوسطاً ایئر کوالٹی انڈیکس 580 تک پہنچ گیا۔

شہر کا سب سے آلودہ ترین علاقہ علامہ اقبال ٹاؤن ہے جہاں فضاء کا ایئر کوالٹی انڈیکس 732 پر پہنچ گیا، پنجاب اسمبلی اور ملحقہ علاقوں میں 731 ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا، اپر مال 647، لوئر مال 457 اور ڈی ایچ اے میں 401 اے کیو آئی ریکارڈ ہوا، کینال روڈ پر 376، کوٹ لکھپت 362 ایئرکوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔ فضا میں بدترین سموگ کی وجہ سے شہریوں کو آنکھوں کی شدید جلن اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ بہتر ایئر کوالٹی انڈیکس کا مثالی اے کیو لیول صفر سے 50، درمیانے یا قابل برداشت ایئر انڈیکس کا لیول 100 ہے۔ ماہرین کے مطابق 100 سے زائد انڈیکس لیول صحت کے لئے انتہائی مہلک ہے۔ سموگ کی گھمبیر صورتحال کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے آج تمام سرکاری و پرائیویٹ سکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کومشورہ دیا ہے کہ وہ بغیر ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور اگر باہر جانا ضروری ہو تو چہرے کو ماسک سے ڈھانپ لیں تاکہ سموگ کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔ جبکہ کھڑکیوں اور دروازوں کے کھلے حصوں پر گیلا کپڑا یا تولیہ رکھیں۔ فضا صاف کرنے کے آلات کا استعمال کریں۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تمام متعلقہ محکموں کو سموگ کے خلاف مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لئے ممکنہ اقدامات اُٹھائے جائیں۔مزید براں لاہور ہائیکورٹ نے فضائی آلودگی کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت سے تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔ دریں اثنا سموگ کے خاتمے کے لئے جوڈیشل ماحولیاتی کمیشن کا پہلا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں اور ماحولیات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے جوڈیشل کمیشن نے فیصلہ دیا کہ کوڑے کو آگ لگانے والوں کیخلاف فوری ایف آئی آر درج کروائی جائے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے چالان کئے جائیں۔ چیئرمین کمیشن نے کہا کہ شہر میں کسی بھی مقام پر پتے جلائے گئے تو پی ایچ اے ذمہ دار ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر کے اضلاع اور اسلام آباد میں اکثر مقامات پر جبکہ وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔