Buy website traffic cheap

Column , Majeed Ahmad Jai, Suffa Novel, Nosheen Khan

عجمی کا مطالعہ قرآن

عجمی کا مطالعہ قرآن
تحریر: مجیداحمد جائی

وا رہے جنون عشق خدا بھی نہ بچ سکا
تفسیر حسن یار کو قرآن کہہ دیا
آپ کا لیٹنا قرآن،آپ کی شب بیداری قرآن،آپ کا اکیلے رب کو یاد کرنا قرآن،آپ کا دن میں کام کرنا قرآن،آپ کی مصروفیات قرآن،آپ کا دُشمنوں سے حسن سلوک قرآن اور پھر آپ کو دُکھ دینے والے ابو لہب پر یا اللہ تیرا غضب اور اس بدبخت کا انجام بھی قرآن بن گیا۔تیرے پیارے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والا آپ کا بد خواہ اور آپ کو اذیتیں دینے والا ابو لہب جس کا نام لے کر قرآن میں اس پر پھٹکاربھیجی گئی۔اُس کی زبان سے اسے جواب دیا گیا۔
یہ اقتباس ”عجمی کا مطالعہ قرآن“سے لیا گیا ہے۔جس کے مصنف ڈاکٹر اے آر خالد ہیں۔ڈاکٹر اے آر خالدکے بار ے میں تفصیلی تعارف اِس کتاب کے بیک فلاپ پر موجود ہے۔شخصی حوالے سے آپ ڈاکٹراے آر خالد سے متاثر ہوں یا نہ ہوں لیکن اگر آپ نے ”عجمی کا مطالعہ قرآن“لفظ بہ لفظ پڑھ لی تو آپ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔یہ، عقل جو محدود ہے،سوچنے سمجھنے اور فکر و افکار کے در ضرور واکرے گی۔
”عجمی کا مطالعہ قرآن“کاانداز اسلوب اور مزاج کو جاننے کے لیے یہ اقتباس ہی کافی ہے۔یااللہ!میرے ملک کی غالب اکثریت تو اُردو پڑھ نہیں سکتی۔انگریزی اور عربی اُسے آتی نہیں۔کیا وہ تیری رحمت سے مایوس ہو جائیں؟۔خود کو مولوی صاحب کے مطابق اسلام سے خارج کر لیں۔یااللہ!کس کا ترجمہ پڑھیں۔اُن کا جو بسم اللہ الرحمن الرحیم کے ترجمہ پر متفق نہیں۔
”عجمی کا مطالعہ قرآن“پڑھنے کے بعد قاری،ڈاکٹر اے آر خالد کے وسعت مطالعہ اور تحقیق کی گواہی ضرور دے گا۔یہ اقتباس پڑھنے سے بھی آپ حتمی فیصلہ کر سکتے ہیں۔”جتنے اُردو ترجموں کو دیکھیں وہاں ضالاًکا مطلب بھٹکا ہوا،گم کردہ راہ،بے خبر،راہ بھولاوغیرہ لیا گیا ہے۔ترجمہ کرنے والوں نے یہ تک نہیں سوچا کہ کس کے بارے میں کہہ رہے ہیں۔کسی بے راہ کو راہنما بنانے یا راہ دِکھانے کا ٹاسک دینے والے کا تو اپنا فیصلہ درست نہیں ہوتا۔یااللہ!یہ تیرے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کے مرتکب ہو رہے ہیں یا تیری خدائی میں کیڑے نکال رہے ہیں۔“
”عجمی کا مطالعہ قرآن“اِسی طرح کے در وا کرتی کتاب ہے۔ڈاکٹر اے آر خالد نے کئی مترجم کے حوالے دئیے ہیں اور ان پر تحقیقی بات بھی کی ہے۔اس کتاب میں سورتوں کے حوالے،آیات نمبرعربی اور ترجمہ کے ساتھ وضاحتیں کی گئی ہیں۔کہیں کہیں احادیث کے حوالے بھی ہیں۔اس کتاب کا اسلوب سادہ اور عام فہم ہے۔کند سے کند ذہن بھی آسانی سے پڑھ اور سمجھ سکتا ہے۔ڈاکٹر اے آر خالد پوری کتا ب میں اللہ تعالیٰ سے ہم کلام ہیں۔پوری کتاب اسی انداز میں لکھی گئی ہے۔مصنف اپنے پیدا کرنے والے رب سے مخاطب ہیں۔اللہ تعالیٰ سے سوالات کر رہے ہیں۔دلائل دئیے جا رہے ہیں۔اپنی کم علمی،لاعلمی پر نادم بھی ہیں۔
”عجمی کا مطالعہ قرآن“150صفحات پر مشتمل،سفید اور اچھے کاغذ پر شائع کی گئی ہے۔قلم فاؤنڈیشن کے روح ورواں علامہ عبدالستار نے خاص اہتما م سے شائع کی ہے۔اس کی بانڈنگ کمال کی ہے اور اس کا انتساب کچھ یوں ہے ”اپنی تیسری نسل محمد عمر راشد،محمد علی راشد،محمد ارحم مصطفی،فاطمہ عدنان،زینب عدنان،راحمہ مصطفی اور راحمین مصطفی کے نام،جن کے والدین اپنے بچوں کی دُنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم اور اخلاقی تربیت کر رہے ہیں جو میرے اور میری اہلیہ کے لیے بے پناہ طمانیت اور شکر گزاری کا موجب ہے۔
”عجمی کا مطالعہ قرآن“کا مطالعہ کرتے ہوئے اس کا مزاج شاید آپ کو خشک لگے لیکن اگر آپ اللہ تعالیٰ اور اس کے پیارے حبیب اور قرآن کے بارے میں جاننے کی جستجو رکھتے ہیں تو اس میں خزانے ہی خزانے ملتے ہیں۔اس کتاب کے مطالعہ سے آپ نہ صرف خود کو بدل سکتے ہیں بلکہ اپنے معاشرے کے بگاڑ میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔ڈاکٹر اے آر خالد کی دعاکے ساتھ ہم بھی بدست دعا ہیں۔
یااللہ!اپنے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے رسوا نہ کرنا۔ہم رسواہوئے تو تیرے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دُکھ ہو گا۔یقینا تو اُنہیں دُکھی نہیں دیکھ سکتا۔اے اللہ مجھے معاف کر دے،میرے گناہوں کو نیکیوں میں بدل دے۔مجھ کو اپنی حتمی رحمت سے نواز دے۔مجھے حکمت عطا کر جو خیرِکیثرہے۔اے اللہ!میرے ماں باپ کو بخش دے۔اے اللہ میرے ملک پر رحم فرما۔یا اللہ!جھوٹے ہیں،بے عمل ہیں مگر تیرے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اُمتی ہیں تو اپنے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ساری اُمت پر رحم فرما۔سب کی بخشش کا فیصلہ صادر فرمادے۔ اے اللہ!میں نے تیرے کعبے میں کھڑے ہوکر اپنے سارے دُشمنوں کو معاف کر دیا ہے۔اے اللہ!ہم تو تیرے بندے ہیں،گنہگار اور خطا کار سہی ہمارا تیرے علاوہ کوئی سہارا نہیں،تیرا سہار بڑا سہارا ہے۔اکلوتا سہارا قابل بھروسہ سہارا۔فطری سہارا۔اے بے سہاروں کو سہارا دینے والے محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رب ہمیں آج تیرے سہارے کی شدت سے طلب ہے۔ہمارے اعمال و افعال کو نظر انداز کرکے اپنی رحمت کا سہارا دے دے۔مایوسی کفر ہے۔ہم سے اس کفر کا ارتکاب نہ ہو جائے۔اے اللہ!تو عظیم ہے،تو کریم ہے،تو رحمن ہے،تو رحیم ہے تجھے اپنے اسمائے حسنیٰ کا واسطہ ہے ہم سے گناہوں کے حوالے سے درگزر فرما،رحم فرما،رحم فرما ”ارحم الراحمین“آمین یا رب العالمین۔
”عجمی کا مطالعہ قرآن“کو ہر سکول اور ہر لائبریری کے ساتھ ساتھ ہر گھر کی زنیت بننا چاہیے۔کتاب نہ ملنے کی صورت میں علامہ عبدالستار عاصم سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ان نمبرز پر رابطہ کر کے منگواسکتے ہیں۔