Buy website traffic cheap


کورونا،لاک ڈاؤن سے دل کے مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں

تلہار(مانیٹرنگ ڈیسک)تلہار میں لاک ڈاؤن کے بعد امراض قلب کی دوائیں ناپید ہوگئیں۔

دل کے مریض شدید پریشان، ٹرانسپورٹ بند ہونے سے مریضوں کا ٹنڈو محمد خان میں واقع امراض قلب ہسپتال جانا مسئلہ بن گیا۔ حکومت سندھ سے امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو گھروں تک ادویہ پہنچانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے بچنے کے لیے سندھ حکومت نے صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے۔ تلہار شہر میں بھی حکومتی حکم پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ لاک ڈاؤن کے باعث ادویہ کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے کیونکہ ٹرانسپورٹ بند ہونے سے اکثر میڈیکل سٹورز پر دواؤںکا سٹاک ختم ہوتا جارہا ہے۔ ان میں امراض قلب کی ادویہ بھی شامل ہیں۔ دواؤں کی قلت سے این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمدخان میں زیر علاج تلہار اور نواح کے سینکڑوں مریض پریشان ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم باقاعدگی کے ساتھ ہسپتال سے ادویہ لیتے ہیں، لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہے جبکہ شہر کے اکثر میڈیکل سٹورز پر بھی امراض قلب کی دواؤں کی قلت ہے جہاں دستیاب ہیں وہ مہنگے داموں مل رہی ہیں جو غریب طبقے کی قوت خرید سے باہر ہے۔ دلکے مریضوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹنڈو محمد خان ہسپتال انتظامیہ کو تاکید کی جائے کہ مریضوں کو ان کے گھروں پر ادویہ پہنچانے کا بندوبست کیا جائے۔