نیپال کی حمایت کرنے پر منیشا کوئرالہ کو بھارت سے نکل جانے کے طعنے

ممبئی (شوبز ڈیسک) سرحدی تنازع پر انڈیا کے بجائے اپنے آبائی ملک نیپال کی حمایت کرنے پر بولی وڈ اداکارہ 49 سالہ منیشا کوئرالہ کو بھارتی شہریوں نے ہندوستان چھوڑ کر چلے جانے کے طعنے دینا شروع کردیے۔

منیشا کوئرالہ کا تعلق نیپال سے ہے، ان کی پیدائش اور ابتدائی تعلیم بھی نیپال میں ہی ہوئی تاہم انہوں نے کیریئر بنانے کے لیے بھارت کا رخ کیا اور زیادہ تر غیر ملکی افراد کو لگتا ہے کہ وہ بھارتی شہری ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منیشا کوئرالہ نے نیپال کے وزیر خارجہ پردیپ گیاولی کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ انہیں امید ہے کہ بھارت، نیپال اور چین اپنے سرحدی تنازع کو خوش اسلوبی سے حل کرلیں گے۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے نیپال کے وزیر خارجہ کا نیپال کی قوم کا کیس بہادری سے لڑنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔اگرچہ منیشا کوئرالہ نے اپنی ٹوئٹ میں کوئی سیاسی بات نہیں کی اور انہوں نے واضح طور پر نیپالی حکومت کے مقف کو درست قرار نہیں دیا تاہم ان کی جانب سے نیپالی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرنے پر بھارتی شہریوں نے انہیں طعنے دینا شروع کردیے اور انہیں بھارت چھوڑ کر جانے کو کہا۔

منیشا کوئرالہ کی ٹوئٹ کے بعد متعدد لوگوں نے سوشل میڈیا پر انہیں قومیت کے طعنے دیے اور کہا کہ اگر انہیں بھارت میں اتنا ہی برا لگ رہا ہے تو وہ یہاں سے نیپال چلی جائیں اور وہاں جاکر پیسے کمائیں۔