بنیادی صفحہ -> اداریہ،کالم -> لنگر خانے، این جی اوز اور ہم

لنگر خانے، این جی اوز اور ہم

لنگر خانے، این جی اوز اور ہم
تحریر۔ محمد اقبال عباسی
حال ہی میں سیلانی ٹرسٹ اور احساس پروگرام کے تحت قائم ہونے والے لنگر خانوں کا وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے افتتاح کیا تو کپتان کے ہر مداح کی طرح میرا سر بھی فخر سے بلند اور سینہ جوش سے پھول اٹھا کہ چلو ایک کروڑ ملازمتیں تو نہ ملیں کھانے کو روٹی اور سر چھپانے کا آسرا تو مل گیا لیکن جب ذرا اس منصوبے کی افادیت اور نقصانات پہ غور کیا تو مجھے باقی محققین کی طرح یہ محسوس ہونے لگا کہ یہ پروگرام تواولیاء اللہ کے مزارات پر صدیوں سے رواں دواں ہے فرق یہ ہے کہ اس پروگرام سے وہی لوگ زیادہ مستفید ہو رہے ہیں جو کاہل، سست الوجود اور نشئی ہیں جن کو دنیا و مافیہا کا کوئی ہوش نہیں اور نہ ہی خاندان کی بھاری ذمہ داریاں عائد ہیں جن کا اوّلین مقصد ہی درباروں سے لنگر لے کر کھانا اور پھر سستی کی چادر اوڑھ کر سو جانا ہے لیکن چند مفّکرین جو اس کو بہت بڑا پروگرام کہہ رہے تھے ان کے غبارے سے بھی اس وقت ہوا نکل گئی جب عوام کی اکثریت اس کو ایک ٹھس پروگرام کہنے پر مجبور ہو گئی اورموجودہ حکومت کا یہ سیاسی شو جو مہنگائی اور غربت سے توجہ ہٹانے کے لئے تھا، جلد ہی فلاپ ہو گیاکیونکہ عوام کی تعلیم یافتہ اکثریت اس امر سے بخوبی واقف ہے کہ ہمارے ملک میں غیر ملکی ایجنسیوں اور NGOs نے ہمیں مفت کی کمائی اور لوٹ کے مال کے پیچھے ایسے بھگایا ہے جیسے ایک تند خو جانور کو گھاس کا ایک گٹھا دکھا کر جانور کا مالک رام کر لیتا ہے اور وہ جانور تھوڑی سی گھاس کے لئے نہ صرف اسی وقت اس کے پیچھے چل پڑتا ہے بلکہ اس کو ہر قسم کا فائدہ دینے کے لئے بھی تیار ہو جاتا ہے۔
غربت پس ماندہ اور ترقی پذیر ممالک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے پاکستان میں اس وقت بھی 33فیصد سے زیادہ عوام خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اسی غربت کے خاتمے کو بہانہ بناتے ہوئے بڑے ممالک نہ صرف ہماری صفوں میں گھس آتے ہیں بلکہ اپنی من مانی پالیسیوں سے ملک کو چلانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں بلکہ چور دروازے سے حکومت سازی میں بھی شامل ہو جاتے ہیں۔اس کی بہترین مثال ہمارے ملک میں موجود غیر ملکی فعال تنظیم ہیں جو ہمارے ملک میں نہ صرف مخصوص بیہودہ طبقہ فکر کی نمائندگی کر رہی ہیں بلکہ ہماری نوجوان نسل کے ذہنوں کو بغاوت، خو د غرضی اور مادیّت پرستی کی طرف مائل کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں۔ان تنظیموں کے غیر ملکی آقا ڈالر کی چمک دکھا کر بے روز گار اور ذہین نوجوانوں کو گمراہ کرنے کا فریضہ بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔
اگر بات ہو لنگر خانوں کی تو لنگر خانے کسی انسان کی عزت نفس کو ختم کرنے میں تو اہم کردار ادا کرتے ہی ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس کو کام چور، نا اہل اور سست الوجود بنانے میں بھی ممد و معاون ثابت ہوتے ہیں اور یوں بھی ہمارے ہر پیدا ہونے والے بچے کو کام چوری اور شارٹ کٹ کا راستہ ابتدائے طفولیت سے ہی دکھا دیا جاتا ہے لیکن اس پہ جلتی کے تیل کا کام ہمارے معاشرے کا نظام انصاف کرتا ہے جہاں کبھی بھی حق دار کو اپنا حق نصیب نہیں ہوتا۔لنگر خانے سے کھانے اور گداگری میں محض الفاظ کا ہی الٹ پھیر ہے اور دنیا کو کوئی بھی مذہب گداگری کی اجازت نہیں،خاص طور دین اسلام میں توگداگری کی شدید مذمت کی گئی ہے حضور اکرم ﷺ کاارشاد پاک ہے ”حلال روزی کی تلاش عبادت کے بعد دوسرا فرض ہے۔“ بلکہ اسلام نے تومحنت کر کے کمانے والے کو اللہ کا دوست قرار دیا ہے۔سورۃالبقرہ میں ہے ”اے محمد ﷺلوگ آپ سے پوچھتے ہیں کہ خدا کی راہ میں کس طرح کا مال خرچ کرنا، کہہ دو جو چاہو خرچ کرو لیکن جو مال خرچ کرنا چاہو وہ (درجہ بدرجہ اہل استحقاق یعنی) ماں باپ کو اور قریب کے رشتے داروں کو اور یتیموں کو اور مسافروں کو (سب کو دو)اور جو بھلائی تم کرو گے خدا اس کو جانتا ہے“اگر اسلام کی تاریخ کا مطالعہ کریں تو زکواۃ فرض ہونے کے بعد اسلام کے ابتدائی سالوں میں ہی صورت حال یہ ہوگئی کہ زکواۃ دینے والے مدینہ منورہ کی گلیوں میں صدا لگاتے پھرتے مگر کوئی زکواۃ لینے والا نہ ملتا۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سائل اور پیشہ ور بھکاری میں کیا فرق ہے تو ذرا ملاحظہ فرمائیں کہ خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق ؓکے دروازے پر ایک سائل صدا لگا تا ہے اور ایک روٹی کا سوال کرتا ہے جو اسے دی جاتی ہے، پھر حضرت عمر ؓ اس کا تعا قب کرتے ہیں، دیکھتے ہیں کہ اس نے بہت سی روٹیاں جمع کر لی ہیں تو اسے روک کر اس کی تمام روٹیاں اپنے اونٹ کے آگے ڈال کر کہتے ہیں کہ تم سائل نہیں،تاجر ہو جو اپنی ضرورت سے زیادہ روٹیاں جمع کر رہے ہو۔ حضرت علی ؓنے یوم عرفہ کو ایک شخص کو لوگوں سے بھیک مانگتے دیکھا تو اسے ایک درّہ مارتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ تیری کتنی بد نصیبی اور بد بختی ہے کہ آج کے دن جو قبولیت اور دعا کا دن ہے تو مقدس اور بابرکت میدان میں خدا سے مانگنے کی بجائے لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتا پھر رہا ہے۔ کیونکہ اسلام بغیر ضرورت و حاجت مانگنے کو حرام قرار دیتا ہے اس لئے سائل کیلئے غربت اور محتاجی کی ایک حد مقرر کی ہے کہ جس شخص کے پاس ایک دن کیلئے غذا اور سطر چھپانے کیلئے کپڑا ہو تو اسے کسی کے آگے دست سوال دراز نہیں کرنا چاہئے۔
پاکستان میں گداگران کی مردم شماری(ایک اندزے کے مطابق صرف صوبہ پنجاب میں دو لاکھ کے قریب گداگر موجود ہیں)، بحالی اور آباد کاری جیسے اہم مسئلہ پر آج تک کسی بھی حکومت نے توجہ نہیں دی، اس کے لئے صرف محکمہ سوشل ویلفئیر کے ذریعے وقتاً فوقتاً کچھ کاغذی اور فرضی پروگرام تو چلائے جاتے ہیں لیکن ایک مربوط بحالی گداگاران پروگرام ابھی تک شروع نہیں کیا جا سکا۔ میری حکومت وقت سے یہ گزارش ہے کہ لنگر خانوں کی تعمیر و توسیع کی بجائے قوم کے ہاتھ میں ہادی زماں ﷺ کی طرح ایک کلہاڑا پکڑائیں اور بنگلہ دیش کے بنگلہ دیش کے محمد یونس جیسے لوگ پیدا کریں جن کا مقصد پاکستان کے غریبوں کو چھوٹے قرضوں کی مدد سے غریبی سے باہر نکالنا ہو نہ کہ غریبوں کا ان کی مزدوری بھی آدھی دے کر اس کا خون چوسنا ہو۔ موجودہ حکومت ان تیرہ ماہ میں ڈوبتے کو تنکے کا سہارا کے مصداق مرغیوں، کٹوں، نئے گھروں اور نوجوانوں کے لئے “کامیاب جوان یوتھ پروگرام”جیسے نادر و نایاب تیر بہ ہدف نسخے آزمانے میں ناکام ہو نے کے بعد لنگر خانوں جیسے پرانے روایتی پروگرام کا افتتاح کرکے نمبر بنانے میں ناکام ثابت ہو چکی ہے لیکن میرے خیال میں واقعی 72سال کے بگڑے نظام کو صرف 13ماہ میں درست کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے مگر موجودہ حکومت اپنی پانچ سال کی حکومت کے قیمتی 13ماہ صرف تجربات میں برباد کر کے عوام کو ہر روز نیا لالی پاپ دے کر چپ کروانے کی ناکام کوشش میں ہے اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے نظام کی کم از کم مظبوط بنیاد تو ڈالی جائے جس کو دیکھ کر کچھ ناقدین واقعی تعریف کرنے پر مجبور ہو جائیں کیونکہ زبانی جمع خرچ تو ہم گزشتہ 72سال سے کر ہی رہے ہیں جس کو اہل خرد تقریر کانام بھی دے سکتے ہیں

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*