پاکستان سپرلیگ 5 کیلئے ملتان سلطانز نے کوچنگ سٹاف کا اعلان کردیا

لاہور(ویب ڈیسک): پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز نے اینڈی فلاور کو ہیڈ کوچ جبکہ نیتھن لیون کو سینئر انالسٹ مقرر کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پاکستان سپر لیگ میں اینڈی فلاور کی دوسری ذمہ داری ہے جو لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پشاور زلمی کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے بھی فرائض نبھا چکے ہیں۔ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی جانب سے تجزیاتی اور حکمت عملی کے حوالے سے فرائض سونپنے پر نیتھن لیون کا کہنا تھا کہ ابتداء سے ہی جاذب نظر پہلو فرنچائز مالک کی طرف سے اس بات کی وضاحت ہے کہ وہ تجزیاتی فرائض کا استعمال کرتے ہوئے ٹیم کو اگلے لیول پر لے جانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اینڈی فلاور کیساتھ مل کر اجتماعی طور پر ٹیم کی حکمت عملی کو بہتر بنائیں گے۔ ہر مرحلے پر حتمی فیصلے کا اختیار ہیڈ کوچ اور کپتان کو حاصل ہوگا لیکن اس کے پس پشت ایک مضبوط سٹرکچر معلومات کی فراہمی کا کام کر رہا ہوگا جس کے سہارے وہ ممکنہ طور پر بہترین فیصلے کر سکیں گے۔