پشاورزلمی کا ملتان سلطانزکو جیتنے کیلئے 124 رنز کا ہدف

لاہور(ویب ڈیسک): پاکستان سپرلیگ 5 کے آٹھویں میچ میں پشاورزلمی نے ملتان سلطانزکو جیتنے کیلئے 124 رنز کا ہدف دیدیا ہے.

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ملتان کرکٹ سٹیڈیم سے ہوا، جس کے ساتھ ہی ملتان میں 12 سال کے طویل عرصے کے بعد کسی انٹرنیشنل طرز کے مقابلے کا انعقاد ہوا ہے۔ اس میچ کے دوران شائقین کی بڑی تعداد نے سٹیڈیم کا رُخ کیا اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کیا۔ میچ سے قبل ٹاس کے لیے دونوں کپتان شان مسعود اور ڈیرن سیمی پچ پر آئے جہاں پر ملتان سلطانز کے کپتان نے ہوم گراؤنڈ پر ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کو ترجیح دیتے ہوئے حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے 8 ویں میچ میں پشاور زلمی کی طرف سے اوپننگ کا آغاز ٹام بینٹن اور کامران اکمل نے کیا۔ پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، پہلے ہی اوور میں محمد عرفان نے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے بیٹسمین ٹام بینٹن کو پویلین بھیج دیا، ایکسٹرا کور پر موجود شاہد آفریدی نے شاندار کیچ تھاما۔ آل راؤنڈر شعیب ملک تیسرے میچ میں بھی ناکام رہے اور 4 گیندوں پر 2 رنز بنا کر محمد الیاس کی شاندار گیند پر ذیشان اشرف کو کیچ دے بیٹھے۔ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے لیونگسٹون بھی بڑی اننگز نہ کھیل پائے اور اسی اوور میں نوجوان فاسٹ باؤلر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ اس بار بھی گیند وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں گئی۔ ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے حیدر علی نے اس دوران جارحانہ اننگز کھیلی اور وکٹ کے چاروں طرف خوبصورت شارٹس کھیلے۔ بیٹسمین نے 27 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیل کر سہیل تنویر کی گیند پر ڈیپ وکٹ پر موجود ریلی روسو کو کیچ دے دیا۔ فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کی اننگز 9 تک محدود رہی، عمران طاہر کی گیند پر وینس کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیرن سیمی بغیر کوئی سکور بنائے محمد عرفان کی گیند پر 108 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 13 گیندوں پر 2 رنز بنائے۔ اس بار بھی کیچ مڈ آن پر موجود وینس نے پکڑا۔ حسن علی کی وکٹ سہیل تنویر نے حاصل کی۔ انہوں نے 8 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی ٹیم ملتان سلطان کے خلاف 123 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سہیل تنویر نے 4 شکار کیے۔ محمد الیاس اور محمد عرفان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی طرف سے اننگز کا آغاز انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیمز وینس اور معین علی نے کیا۔ پہلی اننگز کی طرح پہلی ہی گیند پر ڈیرن سیمی نے وینس کا کیچ سلپ پر چھوڑ دیا۔ تاہم حسن علی نے پہلے اوور کی آخری گیند پر وینس کو پویلین بھیج دیا۔ انہوں نے پانچ رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عامر خان نے کیچ تھاما ۔