Buy website traffic cheap


پارلیمنٹ سے 7نومبرکو منظور11 آرڈیننس 8 دن بعد معطل

اسلام آباد:قومی اسمبلی سے7 نومبر کو منظورہونیوالے 11 آرڈیننس 8 دن بعد ہی معطل ہونے کے بعد اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے لی۔حکومت نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی زیر صدارت 7 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں 11 آرڈیننس منظور کیے تھے جس پر اپوزیشن جماعتوں نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔

اس حوالے سے گزشتہ روز حکومت اور اپوزیشن اراکین کے درمیان پیشرفت سامنے آئی تھی اور آرڈیننس کی نامنظوری کے بدلے اپوزیشن نے قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں 7 نومبر کو منظور ہونے والے تمام آرڈیننس منسوخ کر دیئے گئے ہیں جس پر اپوزیشن جماعتوں نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک واپس لے لی ہے۔

لیگی رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ڈپٹی سپیکر کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی تھی، خوش اسلوبی سے تمام قوانین اب واپس لئے جا رہے ہیں، آرڈیننسز کے معاملے پر حکومت کا فیصلہ خوش آئند ہے، کمیٹی اب ان امور کو دیکھے گی، حتجاج کا جو اظہار کیا تھا اب وہ تحریک واپس لیتے ہیں۔

وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا اللہ کرے یہ اسمبلی بہتر طریقے سے چلے، اسمبلی کے ماحول کو بہتر بنانا ہے، فیصلہ ہوا ہے اسمبلی ماحول کو بہتر رکھیں گے، اسمبلی کے تمام فیصلے متفقہ ہوں گے، اپوزیشن اور حکومتی ارکان کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیئے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت نے آرڈیننس واپس لے کر بڑے دل کا مظاہرہ کیا اور اپوزیشن نے بھی ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے کر بڑے دل کا مظاہرہ کیا۔