ٹرانسپورٹرز کے حکومت سے مذاکرات کامیاب،بسیں چلانے کا اعلان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے حکومت سے مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔

ٹرانسپورٹ ہاؤس لاہور میں حکومت اور ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے درمیان مذاکرات ہوئے جن میں صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے شرکت کی۔ٹرانسپورٹ فیڈریشن کی جانب سے احمد شہزاد، عصمت اللہ نیازی اور ملک ندیم شریک ہوئے۔

حکومت نے جی ٹی روڈ پر چلنے والی بسوں میں ہر سیٹ پر مسافر کو بٹھانے کی اجازت دے دی، حکومت سے مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز نے باہمی مشاورت کی اور بسیں چلانے کا اعلان کر دیا۔

پنجاب میں جی ٹی روڈ پر 20 فیصد کرائے کی رعایت کے ساتھ بسوں میں تمام سیٹوں پر مسافروں کو بٹھانے کی اجازت ے دی گئی ہے جب کہ وفاقی حکومت کے ماتحت موٹروے پر رعایت کے بغیر ایس او پی کے تحت دو سیٹوں پر ایک مسافر بٹھایا جائے گا۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ بسوں کا عملہ سینی ٹائزر اور ماسک کی پابندی کرے گا تاہم مسافر خود ماسک پہن کر آئیں۔