بنیادی صفحہ -> ٹیکنالوجی -> ماہرین نے ایک ہزار گنا تیز رفتار کمپیوٹر چپ تیار کرلی

ماہرین نے ایک ہزار گنا تیز رفتار کمپیوٹر چپ تیار کرلی

لاہور(ویب ڈیسک)‌ ماہرین ایسی کمپیوٹر چپ تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کی بدولت ڈیٹا آپریشنز کی رفتار 1000 گنا تک بڑھ جائے گی، چپ ڈی این اے اور مصنوعی ذہانت پر تحقیق، آلودگی سے بچاؤ کیلئے اقدامات سمیت دیگر امور میں مددگار ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ؛ ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسی چپ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جس سے ڈیٹا آپریشنز کی رفتار ایک ہزار گنا تک بڑھ جائے گی، چپ سائنس کے میدان میں جدید اور اہم دریافتیں کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ کمپیوٹرکی دنیا میں نئے برطانوی ادارے ’بلیو شفٹ میموری‘ نے جدید ترین چپ تیار کی ہے، نئی چپ ڈی این اے اور مصنوعی ذہانت پر تحقیق سمیت نئی ادویات دریافت کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ اس چپ میں شہروں میں ٹریفک جام اور آلودگی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت بھی ہوگی، چپ اس مقصد کیلئے شہروں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور ان کے پھیلاؤ کے حوالے سے رہنمائی بھی کرے گی، اس چپ کی مدد سے موسمیاتی تبدیلی میں تحقیق کا عمل بھی بہتر بنایا جاسکے گا۔ میموری چپ کا ابتدائی نمونہ (پروٹو ٹائپ) پہلے ہی تیز رفتار سی پی یو اور میموری چپس کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کا مسئلہ حل کررہا ہے، اس مسئلے کو ’ڈیٹا ٹیل بیک‘ یا پروسیسر کی رفتار کے مطابق ڈیٹا کے نتائج نہ ملنا کہا جاتا ہے۔ اس فرق کا مطلب یہ ہے کہ اعلیٰ کارکردگی کے حامل کمپیوٹر کا پروسیسر ڈیٹا کے معاملے میں اپنی صلاحیت کا مکمل طور پر استعمال نہیں کرپاتا، اس کی مثال بڑے پیمانے کے ڈیٹا بیسز کا تجزیہ ہے۔ نئی چپ کی مدد سے کمپیوٹر وہ آپریشن بھی منٹوں میں کر سکیں گے جسے وہ اِس وقت گھنٹوں یا دنوں میں کرتے ہیں۔ بلیو شفٹ میموری کمپنی کے چیف ٹیکنالوجی افسر پیٹر ماروسن کہتے ہیں ’ذرا سوچیں آپ ایک ٹیکسی ڈرائیور ہیں لیکن وہ قصبہ جہاں آپ کام کرتے ہیں ہمیشہ تبدیل ہوتا رہتا ہے، لوگ مکان بدلتے ہیں، مختلف مقامات پر دکانیں اور خدمات فراہم کرنیوالے ادارے ہمیشہ غائب اور نمودار ہوتے رہتے ہیں، اسی انداز میں ڈیٹا کو چپس میں منظم طور پر محفوظ کیا جاتا ہے۔ پیٹر کہتے ہیں کہ جو ڈیزائن ہم نے تیار کیا ہے اس کے تحت ایک پائیدار اور منظم قصبہ تعمیر کیا جائے گا، جہاں آپ پہلے ہی جانتے ہیں کہ کون سی چیز کہاں ہے، اس طرح آپ کہیں زیادہ تیزی سے اس چیز تک پہنچ سکتے ہیں، اس طرح سب کچھ تیز رفتاری اور آسانی کے ساتھ زیادہ مؤثر انداز میں ہو جائے گا۔ نئے ڈیزائن کی مدد سے ڈیٹا کو نئے خطوط پر محفوظ کیا جائے گا جس سے اس کی پروسیسنگ کی رفتار بڑھ جائے گی، جس کا مطلب ہے کہ یہ موسم کی پیشگوئی اور موسمیاتی تبدیلی میں مفید ثابت ہوگا۔ کمپیوٹر پروسیسر کی رفتار کے مقابلے میں سست رو ڈیٹا کا مسئلہ حل ہونے سے سرچ انجنوں کی رفتار ایک ہزار گنا بڑھ جائے گی تاہم منصوبہ جب آگے بڑھے گا تو ابتدائی نمونے کو چھوڑ کر چپ کی تیاری مہنگی ہوگی۔ بلیو شفٹ میموری نامی کمپنی نے کہا ہے کہ چپ کی تیاری کیلئے اسے اس وقت فنڈز کی ضرورت ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*