Buy website traffic cheap


پی سی بی نے انسداد نسل پرستی پر نیا قانون متعارف کردیا

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستانی کپتان سرفراز احمد کے تنازعے کے بعد (پی سی بی) نے انسداد نسل پرستی کے حوالے سے نیا قانون متعارف کرادیا ہے۔ پی سی بی حکام کے مطابق انسداد نسل پرستی کوڈ کا اطلاق پی ایس ایل سیزن فور سے ہوگا۔ اس قانون کا دائرہ کار کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ، امپائرز اور ریفریز تک وسیع ہوگا۔

تفصیلا ت کے مطابق : انسداد نسل پرستی قانون کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی نسل پرستانہ کلمات ادا کرے یا کھیل کے دوران نسل پرستی پر مبنی حرکت کرے گا تو پہلی بار اسے 4 سے 8 میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اگر وہ کھلاڑی دوسری بار نسل پرستی پر مبنی حرکت کا مرتکب ہوگا تو اسے 8 میچز یا تاحیات اور تیسری بار پر ایک سال یا تاحیات پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس قانون کے تحت نسل پرستی کا مظاہرہ کرنے پر امپائر کو پہلی بار ایک سے تین ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری بار تین ماہ سے تاحیات اور تیسری بار ایک سال سے تاحیات پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ علاوہ ازیں نسل پرستی کے مرتکب قرار پانے والے افراد کو انسداد نسل پرستی تعلیمی پروگرام میں بھی بیٹھنا ہوگا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پروٹیز کھلاڑی فیلوک وائیو پر نسل پرستانہ جملہ کسا تھا۔ کپتان کو اس حرکت پر نہ صرف مذکورہ کھلاڑی سے معافی مانگنا پڑی تھی بلکہ انہیں آئی سی سی کی جانب سے 4 میچز کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔