Buy website traffic cheap

ابھی نندن

ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کرنے واہگہ بارڈر پہنچا دیا گیا

لاہور(ویب ڈیسک): پاکستان کی حدود میں گرائے گئے بھارتی طیارے مگ 21 کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو بھارتی حکام کے حوالے کرنے کے لیے واہگہ بارڈر پہنچا دیا گیا اور ضروری کاغذی کارروائی کے بعد بھارتی حکام کے حوالے کردیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل اور انٹرنیشنل میڈیا کی بڑی تعداد بارڈر پر موجود ہے جبکہ سخت سیکیورٹی میں ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پہنچایا گیا ہے جس کی تصدیق رینجرز حکام نے بھی کردی۔ بتایاگیا ہے کہ نیول حکام بھی اس موقع پر موجود ہیں جبکہ پاکستانی حکام کی طرف سے بھی بھارتی پائلٹ کا میڈیکل کیاجائے گا اور پھر وہ رپورٹ دوسری طرف موجود بھارتی حکام کے سپرد کی جائے گی ۔ بھارتی ہائی کمیشن نےبھارتی پائلٹ کےسفری دستاویزات مکمل کرلیے ہیں، بھارتی ہائی کمیشن کےایئراتاشی گروپ کیپٹن، ونگ کمانڈرابھینندن کو اپنے ہمراہ لے کرجائیں گے۔گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ بھارت اس سےزیادہ کشیدگی کوآگے نہ بڑھائے، کشیدگی کم کرنے اور امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھاجائے۔ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ نے گزشتہ روز پیشکش کی تھی کہ وہ ون کمانڈر ابھی نندن کو لینے کیلئے خود جائیں گے تاہم اب انہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ وہ پاکستان سے رہا ہونے والے پائلٹ کو لینے کیلئے واہگہ بارڈر نہیں جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکام کچھ ہی دیر میں بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر نے جارہے ہیں اور اس حوالے سے تمام تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں ۔بھارتی وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ ہمارا پائلٹ واپس آ رہا ہے اور امید ہے کہ انہیں کسی قسم کے زخم نہیں آئے ہوں گے کیونکہ عمومی طور پر جب آپ جہاز سے باہر نکلتے ہیں تو آپ کو چوٹ لگنے کے امکانا ہوتا ہے تاہم بظاہر تصاویر میں ایسا محسوس نہیں ہو رہا ہے ۔بھارتی وزیراعلیٰ کاکہناتھا کہ اس طرح کے معاملات میں پروٹوکولز کی خلاف ورزی سے بچنے کیلئے انہوں نے پائلٹ کو نہ لینے جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ان کا کہناتھا کہ جب 1965 اور 1971 کی جنگ کے بعد قیدی واپس آئے تو سب سے پہلے ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور ڈی بریفنگ ہوئی اور یہ معاملہ ممکنہ طور پر ابھی نندن کے ساتھ بھی ہو گا ۔ان کا کہناتھا کہ موجودہ حالات میں بہتر یہی ہے کہ میں بھی ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پر لینے کیلئے نہ جاﺅں ۔