پاکستان جلد کورونا کی دوا کی تیاری شروع کر دیگا:ظفر مرزا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے علاج میں مؤثر دوا ’رمڈیسیویر‘ کی تیاری پاکستان میں چند ہفتوں میں شروع ہو جائے گی جس کی قیمت کم سے کم رکھنے کی کوشش کریں گے۔

امریکا کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ہنگامی بنیادوں پر گیلیڈ سائنسز کی ایبولا وائرس کے لیے تیار کی گئی دوا ‘رمڈیسیویر’ کورونا کے مریضوں کو دینے کی اجازت دی تھی جس کو بنانے کے لیے امریکی کمپنی گیلیڈ سے پاکستان نے دو روز قبل معاہدہ کیا ہے۔

اس متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس کی ابھی نہ ویکسین ہے نہ کوئی مستند علاج مگر امریکا کی دوا ساز کمپنی نے ’رمڈیسیویر‘ دوا بنا کر کہا ہے کہ یہ کورونا کی موثر دوا ہے جو انجیکشن کی صورت میں ہے، اس کے استعمال سے مرض کی شدت میں 30 فیصد کمی آئی ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ اس دوا کو بنانے کے لیے دنیا میں پانچ کمپنیوں کو لائسنس دیا گیا ہے جس میں سے ایک کمپنی پاکستان کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے 7 مارچ کو وزیراعظم عمران خان نے دوا ساز کمپنی کے حکام سے میٹنگ بھی کی ہے اور چند ہفتوں میں ہی پاکستان میں اس دوا کی تیاری شروع ہو جائے گی۔