Buy website traffic cheap

ٹیسٹ

باکسنگ ڈے ٹیسٹ پاکستان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن :پوری ٹیم 181 رنز پرآؤٹ

لاہور(ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کیخلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم صرف 181 رنز پر آؤٹ ہوگئی-
ذرائع کے مطابق : پاکستان اور جنوبی افریقا کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کھیلا جارہا ہے جس میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقا کی باؤنسی پچ پر قومی ٹیم کے بلے باز پروٹیز فاسٹ بولر کے سامنے گھبرائے ہوئے دکھائی دیے اور کوئی بیٹسمین پراعتماد انداز سے زیادہ دیر کریز پر کھڑا نہ رہ سکا۔ امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا تو میچ کے دوسرے اوور کی چوتھی ہی گیند پر امام الحق ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوکر بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، انہیں کگیسو رابادا نے آؤٹ کیا۔ فخر زمان بھی 17 کے مجموعی اسکور پر 12 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ پر اظہر علی اور شان مسعود نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 54 کے مجموعے پر شان مسعود بھی 19 رنز بنا کر ہمت ہار گئے، چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز اسد شفیق تھی جن کی اننگز 7 رنز تک محدود رہی۔ پانچویں وکٹ اظہر علی کی گری جو 36 رنز بناکر اولیور کا شکار بنے جب کہ چھٹی وکٹ کپتان سرفراز احمد کی تھی جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ محمد عامر بھی ایک رنز بناکر اولیور کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ یاسر شاہ کو 4 رنز بناکر ربادا نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ نویں وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم اور حسن علی نے جنوبی افریقی بولرز کے سامنے مزاحمت کی اور 67 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 178 کے مجموعی اسکو پر بابر اعظم 71 رنز بناکر ربادا کا شکار بنے۔ قومی ٹیم کی آخری وکٹ 181 رنز پر گری اور شاہین آفریدی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں بابراعظم 71، اظہر علی 36 اور حسن علی 21 رنزبناکر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیان اولیور نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6، کگیسو رابادا نے 3 اور ڈیل اسٹین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم میں حارث سہیل کی جگہ شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے، پاکستان ٹیم کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، محمد عامر، حسن علی، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ ڈیل اسٹین جنوبی افریقا کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے-میزبان ٹیم پاکستان کے خلاف 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتری ہے، پروٹیز ٹیم ایڈن مرکرم، ڈین ایلگر، کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، ڈی بریون، ٹیمبا باووما، کوائنٹن ڈی کوک، کیشو مہاراج، کگیسو رابادا، ڈیل اسٹین اور ڈین اولیور پر مشتمل ہے۔ پاکستان ٹیم اب تک جنوبی افریقا میں کوئی ٹیسٹ سیریز اپنے نام نہیں کرسکی اور گزشتہ 10 سال کے دوران پاکستان نے پروٹیز سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا۔ قومی ٹیم کے پاس جنوبی افریقا کو شکست دینے اور ایک دہائی پرانی ناکامی کی روایت کو توڑنے کا سنہری موقع ہے، جنوبی افریقی ٹیم اے بی ڈویلئرز کے بغیر میدان میں اتری ہے جب کہ اس کے پاس اہم فاسٹ بولر ورنن فلینڈر اور لنگی نگیڈی بھی موجود نہیں جو انجری کے باعث آج کا میچ نہیں کھیل رہے۔