بنیادی صفحہ -> اہم خبریں -> پاکستان سمیت دنیا بھرمیں کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کا دن آج منایاجارہاہے
یکجہتی

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کا دن آج منایاجارہاہے

لاہور(ویب ڈیسک ): پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر احتجاج کیا جائے گا۔ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 10 بجے سائرن بجائے جائیں گے جس کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مرکزی تقریب پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے کہالہ پل پر منعقد ہوگی جہاں ہاتھوں کی زنجیر بنا کر دنیا کو پیغام دیا جائے گا جس میں پاکستان کے وزراء بھی شرکت کریں گے۔ پاکستان میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عام تعطیل ہے۔ صدر مملکت عارف علوی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سےخطاب کریں گے جب کہ وزیراعظم آزاد کشمیر ارکان اسمبلی کے ہمراہ اقوام متحدہ کے دفتر میں مذمتی قرارداد جمع کرائیں گے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں، سیمینار اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی جس میں مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم، خواتین کی بے حرمتی، نوجوانوں کو لاپتہ کر کے مارے جانے جیسے افسوس ناک واقعات کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خلاف اسپین کے شہر بارسلونا میں احتجاج کیا گیا جب کہ اٹلی کے شہر میلان میں بھی احتجاج ہوا، بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شمعیں روشن کی گئیں اور ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ مظلوموں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ لندن میں تاریخی ریلی کے لیے بریڈ فورڈ، برمنگھم، مانچسٹر اور گلاسگو سمیت مختلف شہروں میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستانی 1990ء سے 5 فروری کو اہل کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منارہے ہیں جس کا مقصد بھارتی مظالم کا شکار کشمیری عوام کی حمایت ہے۔ کشمیری مسلمان اپنی جدوجہدِ آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں، اُن کی یہ جدوجہد پہلے ڈوگرہ راج کے خلاف اور پھر بھارت کے خلاف پچھلے کئی عشروں سے چلی آ رہی ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*