Buy website traffic cheap


سندھ میں کورونا ٹیسٹ کیلئے نمونے گھروں سے حاصل کرنے کی اجازت

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن (ایس ایچ سی سی) نے سندھ میں کورونا ٹیسٹ کی سہولیات فراہمی کیلیے ایڈوانس لیب اور اس کے پارٹنر ہاشمانی لیب کو معائنے کے بعد کورونا وائرس ٹیسٹ کیلیے نمونے گھروں سے حاصل کرنے کی اجازت دیدی۔

کمیشن نے سندھ میں کورونا وائرس ٹیسٹ کی سہولیات بڑھانے کیلیے ایڈوانس لیب اور ہاشمانی لیب کا معائنہ کیا اور ان چند سفارشات پر عمل درآمد کے بعد گھروں سے سیمپل حاصل کرنے کی اجازت دے دی، جبکہ ضیا الدین یونیورسٹی ہسپتال اور کراچی چلڈرن ہسپتال کی انتظامیہ کو بھی ٹیسٹ کرنے کی اجازت دیدی۔

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی انسپکشن ٹیم نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز میرپور خاص سے آئسو لیشن وارڈ اور قرنطینہ سینٹرز قائم کرنے کیلیے ملاقات کیں، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے آئسو لیشن وارڈ اور قرنطینہ سینٹر قائم کرنے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔میٹنگ کے بعد مشترکہ ٹیم نے محمد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بوائز ہاسٹل کے 3 ہال، 40بیڈ اور 12وینٹی لیٹرز پر مشتمل سہولت کا جائزہ لیا۔جبکہ نیو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرپور خاص میں چار ہال، 40 بیڈ اور پانچ وینٹی لیٹرز کی سہولت کا جائزہ لیا، اس کے بعد کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور میڈیکل سپرٹینڈنٹ میرپور خاص ہسپتال سے بھی میٹنگ کی۔

کورونا وائرس ایمرجنسی کمیٹی آف بورڈ آف کمشنرز نے پی سی آر، آئسو لیشن، قرنطینہ اور ٹریٹمنٹ سینٹرز قائم کرنے کیلیے اپنی سفارشات محکمہ صحت سندھ کو ارسال کردیں، چیف سیکریٹری کی جانب سے لیبارٹریز اور تشخیصی مراکز کے حوالے سے بنائی گئی ٹیکٹیکل کمیٹی جس میں سی ای او ایس ایچ سی سی ڈاکٹر منہاج قدوائی، ڈاکٹر ایاز مصطفی، آغا اسپتال اور انڈس ہسپتال کے ماہرین نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے الگورتھم تیار کرلیا، انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے 144لیبارٹریز اور تشخیصی سینٹرز کا معائنہ کیا۔