Buy website traffic cheap


لیگی قائد نوازشریف کی بیرونِ ملک روانگی کھٹائی میں‌ پڑنے کا خدشہ

لاہور(ویب ڈیسک): وزیراعظم عمران خان نے قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ میاں نواز شریف سے متعلق عدالتی فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے۔

وزیراعظم عمران خان سے قانونی ٹیم نے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے قانونی ٹیم کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نواز شریف کے بارے میں عدالت کے فیصلے کے قانونی پہلوؤں پر مشاورت کرکے اس کی رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کرکے ارکان کو تفصیلی طور پر آگاہ کرے۔ ذرائع کے مطابق فیصلے سے متعلق حکومتی لائحہ عمل کابینہ اجلاس میں طے کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کابینہ ارکان سے رائے لیں گے اور آئندہ کی حکمت عملی طے ہوگی۔ اجلاس میں فیصلے کے خلاف اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالتے کا حکم دیتے ہوئے انہیں 4 ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی تھی، عدالت کی طرف سے کوئی گارنٹی نہیں مانگی گئی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کے شرط کو مسترد کیا جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف کے بیان حلفی پر انہیں علاج کے لیے باہر جانے کی اجازت دی۔عدالت نے وفاقی حکومت کی جانب سے لگائے گئے 7 ارب روپے کے بونڈ کی شرط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب ہائی کورٹ نے ضمانت دی ہے تو اس شرط کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ لاہور ہائیکورٹ نے حکم میں کہا کہ نواز شریف علاج کی خاطر 4 ہفتوں کے لیے ملک سے باہر جاسکتے ہیں اور علاج کے لیے مزید وقت درکا ہوا تو درخواست گزار عدالت سے دوبارہ رجوع کرسکتا ہے اور میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں توسیع دی جاسکتی ہے۔