بنیادی صفحہ -> اہم خبریں -> وزیراعظم عمران خان سعودی عرب پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب پہنچ گئے

لاہور(ویب ڈیسک)‌ ایران کے ساتھ مصالحت کرانے کا مشن لیے وزیراعظم عمران خان سعودی عرب پہنچ گئے، ریاض پہنچنے پر شاہ خالد ایئرپورٹ کے رائل ٹرمینل پر گورنرریاض نے پر تپاک استقبال کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے ایک روزہ دورہ پر ریاض پہنچ گئے ہیں جہاں پر گورنر ریاض فيصل بن بندر بن عبد العزيز آل سعود اور وزیر مملکت اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان نے انکا پر تپاک استقبال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سیّد ذوالفقار بخاری بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرراجہ علی اعجاز، سعودی حکام اور سفارت خانے کے دیگر افسران بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔

یاد رہے کہ دورہ ایران کے دوران وزیراعظم عمران خان نے خلیجی ممالک کو کسی فوجی تنازع سے بچانے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ خلیجی ممالک میں تمام فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔ پاکستان سعودی ایران کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات سے مسائل حل کرنے میں سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔

وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتوں میں انھیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی سے ہونیوالی ملاقاتوں سے آگاہ کریں گے۔ اس اہم دورے میں خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران میں مذاکرات کیلئے میزبانی کی بھی پیشکش کی ہے۔ ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے تین اہم بھائی ہیں۔ پاکستان کے اپنے دونوں بھائیوں کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیراعظم کے دورے خطے میں امن و استحکام اور اتحاد کیلئے سنگ میل ثابت ہونگے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*