Buy website traffic cheap


شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کےہمراہ چترال پہنچ گئے

لاہور(ویب ڈیسک): برطانوی شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے ہمراہ چترال پہنچ گئے، برطانوی شاہی جوڑا ہیلی کاپٹر میں کوہ ہندوکش کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہوا۔

برطانوی شاہی جوڑے نے گزشتہ روز اسلام آباد میں مصروف دن گزارا، شاہی مہمان شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت عارف علوی جبکہ وزیر اعظم ہاؤس آمد پر عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
صدر عارف علوی اور شہزادہ ولیم کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ صدر عارف علوی سے ملاقات کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے حکومت کے موسمیاتی تبدیلی اورغربت کے خاتمے کیلئے اقدامات کو سراہا۔ اس دوران شہزادی نے سبز اور سفید رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا جو پاکستان کے پرچم میں موجود رنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔معزز مہمان وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں شہزادی کیٹ مڈلٹن مسکراتے ہوئے گاڑی سے اتریں اور وزیر اعظم عمران خان سے ہاتھ ملایا، شہزادہ ولیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سفید شلوار قمیض اور سیاہ واسکٹ میں ملبوس وزیر اعظم عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شاہی مہمانوں کے چہرے خوشی سے تمتما رہے تھے۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ شاہی جوڑے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لیڈی ڈیانا سے پاکستانی عوام کی والہانہ محبت کی یاد دلا دی۔وزیر اعظم نے جدید دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں،عدم مساوات اور تعلیم جیسے چیلنجز کے معاملات سے متعلق آگاہی پھیلانے پر شاہی جوڑے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا شاہی جو ڑے کے پاکستانی نوجوان طبقے کیساتھ روابط اور مثبت سرگرمیاں قابل تحسین ہیں۔