Buy website traffic cheap

پلوامہ

پلوامہ حملہ : نوجوت سنگھ سدھو بھی میدان میں آگئے

لاہور(ویب ڈیسک): گزشتہ دنوں پلوامہ ، مقبوضہ کشمیر میں بم دھماکہ ہوا جس میں چالیس سے زائد بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔ متعدد بھارتی شخصیات نے اس حملے کی مذمت کی۔ معروف شاعر جاوید اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ انہوں نے اپنا کراچی کا دورہ منسوخ کر دیا ہے جہاں وہ اپنی اہلیہ شبانہ اعظمی کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کے لیے جانے والے تھے۔ اب اس معاملے پر سابق کرکٹر اور بھارتی پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو بھی بول پڑے ہیں اور ایسی بات کہہ دی ہے کہ پورے بھارت میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔نوجوت سندھ سدھو نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”بم حملہ بزدلانہ کارروائی تھی، میں اس کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔ ایسی پرتشدد کارروائیاں ہمیشہ قابل مذمت ہوتی ہیں اور اس حملے کے ذمہ داروں کو ہرحال میں سزا ملنی چاہیے۔ تاہم ایسے مٹھی بھر لوگوں کی وجہ سے آپ ایک پوری قوم کو یا کسی ایک شخص کو انفرادی حیثیت میں کیسے موردِالزام ٹھہرا سکتے ہیں؟“بظاہر نوجوت سنگھ سدھو کی بات ہوش مندی پر مبنی تھی کہ کوئی ذی ہوش کسی جرائم پیشہ گروہ کی کارروائی کا ذمہ دار پورے ملک کو کیسے ٹھہرا سکتا ہے لیکن بھارتی شہری، جونوجوت سنگھ سدھو کے پاکستانی آرمی چیف کو گلے لگانے کے بعد سے تپے بیٹھے تھے، انہیں یہ عقلمندانہ بات ہضم نہیں ہوئی۔ جیسے ہی یہ بات میڈیا کے ذریعے لوگوں تک پہنچی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’بائیکاٹ دی کپل شرما شو‘ کا ٹرینڈ سرفہرست آ گیا جس میں لوگ کہہ رہے ہیں کہ جب تک سدھو اس شو کا حصہ ہیں ہم اس کا بائیکاٹ کریں گے۔ اوپندرا نامی صارف نے کپل شرما کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ”مسٹر کپل شرما، تمام بھارتی شہری آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ سدھو کو اپنے شو سے نکال دو ورنہ ہم سونی ٹی وی کو اپنی چینل لسٹ سے نکال دیں گے۔“اکشے کا کہنا تھا کہ ”اگر آپ وطن پرست ہو تو جب تک سدھو دی کپل شرما شو کا حصہ ہے اس کا بائیکاٹ کرو۔“