Buy website traffic cheap


تھائی لینڈ میں پھنسے شمعون عباسی کی وطن واپسی کیلئے وزیراعظم سے اپیل

اسلام آباد (ماینٹرنگ ڈیسک) تھائی لینڈ میں پھنسے اداکار شمعون عباسی نے وطن واپسی کیلئے حکومت سے مدد کی اپیل کردی ۔

شمعون عباسی میڈیا کو بتایا کہ وہ اس وقت تھائی لینڈ کے شہر کنچھنا بوری میں موجود ہیں جہاں وہ اپنی فلم عشرت میڈ ان چائنا کی عکس بندی کے سلسلے میں گئے تھے تاہم کرونا وائرس کی وبا کے باعث فضائی سروس معطل ہونے سے وہ وہاں پھنس گئے ہیں۔ شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ ہم یہاں 25 فروری سے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 25 مارچ کو ہماری واپسی کی فلائٹ تھی تاہم 21 مارچ کو ہمیں پتا چلا کہ کرونا وائرس کے باعث ائرپورٹس کو بند کردیا گیا ہے ہم اس انتظار میں تھے کہ 4 اپریل کو فضائی سروس بحال ہونے کے بعد ہم کسی نہ کسی ایئرلائن سے وطن واپس آجائیں گے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ہم 21 افراد دو ہفتوں سے یہاں پھنسے ہیں آئندہ دنوں میں اخراجات میں اضافے کے باعث ہمیں مالی مشکلات کا سامنا کرناپڑسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ اداکارہ سارہ لورین، محب مرزا ، صنم سعید اور امام سید سمیت 15 رکنی عملہ موجود ہے جبکہ بنکاک میں لاک ڈان کے باعث فلم کی دو دن کی شوٹنگ کوبھی منسوخ کرنا پڑا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پوری ٹیم تمام احتیاط کررہی اور صحتمند ہے ، ہم وطن واپسی پر تمام تر اقدامات اور عمل سے گزرنے کیلئے تیار ہیں لیکن کوئی ایئرلائن مسافروں کو لے کرجانے کیلئے تیار نہیں ہے۔

انہوں نے حکومت اور وزیر اعظم سے وطن واپسی میں مدد فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں کا سفارتخانہ ہمارے ساتھ تعاون کررہا ہے لیکن ہمیں آپ کے مدد کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے گھر واپس آسکیں ہمارے علاوہ تقریبا مزید سو سے زائد پاکستانی موجود ہیں جو وطن جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جائزہ لیں کہ 3 سے 11 اپریل تک پاکستانیوں کو واپس لانے والی پروازوں میں ہمیں کیسے وطن لایا جاسکے گا ۔