Buy website traffic cheap


انڈر 19 ایشیاءکپ فائنل ؛ بھارت کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو شکست

لاہور(ویب ڈیسک) بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیاءکپ کے فائنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو شکست دے کر ساتویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پریما داسا کرکٹ سٹیڈیم کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 32.4 اوورز میں محض 106 رنز بنا کر ہی آﺅٹ ہو گئی۔ کرن لال نے سب سے زیادہ 37 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سووید پارکر نے 4، ارجن آزاد نے 0، تلک ورما نے 2، دھروو جیورل نے 33، ششوت راوت نے 19، ورون لاواندے نے 0، اتھارو انکولیکر نے 2، سوشانت مشرا نے 3، ودیادھر پٹیل نے 0 اور آکاش سنگھ نے 2 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے مریتیون جوئے اور شمیم حسین نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ تنظیم حسن شکیب اور شاہین عالم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش انڈر 19 کرکٹ ٹیم ہدف کے تعاقب میں 33 اوورز میں 101 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور یوں بھارت نے فائنل میچ 5 رنز سے جیت لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے اکبر علی نے سب سے زیادہ 23 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تنزید حسن نے 0، پرویز حسین نے 5، محمود الحسن جوئے نے 1، توحید ہری دوئے نے 0، شہادت حسین نے 3، شمیم حسین نے 7، مریتیون جوئے چوہدری نے 21، تنظیم حسن شکیب نے 12، رقیب الحسن نے 11 رنز بنائے جبکہ شاہین عالم کوئی سکور نہ بنا سکے۔ بھارت کی جانب سے اتھاروا انکولیکر سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 8 اوورز میں 28 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور آکاش سنگھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ودیا دھر پٹیل اور سوشانت مشرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔