Buy website traffic cheap

اماراتی

اماراتی کرکٹرزکو نیشنل سٹیڈیم کراچی کی سہولیات پر تنقید کرنا مہنگا پڑگیا

لاہور(ویب ڈیسک): اپنے گریبان میں جھانکنے سے گریز کرتے ہوئے پی سی بی نے ’’آئینہ‘‘ دکھانے والوں کو معاف کر دیا۔کراچی میں گراؤنڈ سہولیات پر تنقید کرنے والے متحدہ عرب امارات کے کرکٹرز روحان مصطفیٰ، احمد رضا اور رمیز شہزاد بدستور 8 ہفتے معطلی کی سزا مکمل کرینگے، اماراتی کرکٹ بورڈ ان سے حاصل شدہ جرمانے کی رقم کراچی کی ایک چیریٹی کو عطیہ کرے گا، البتہ پاکستانی بورڈ نے تاحال ناکافی سہولتوں والے گراؤنڈ پر میچ کرانے کے ذمہ داروں کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔تفصیلات کے مطابق ایمرجنگ ٹیمز کپ کے دوران متحدہ عرب امارات نے اپنے میچز کراچی میں کھیلے تھے،بارش کے باعث ٹیم کا ہانگ کانگ سے اہم میچ نہیں ہو سکا تھا جس کا اثر سیمی فائنل میں جگہ پر پڑا،اس کے بعد روحان مصطفیٰ، احمد رضا اور رمیز شہزاد نے خاص طور پر سوشل میڈیا پر کراچی کے ساؤتھ اینڈ گراؤنڈ کی سہولیات کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ پی سی بی کی شکایت پراس کا امارات کرکٹ بورڈ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تینوں پلیئرز کو8 ہفتوں کیلیے معطل کر دیا، جرمانے کے ساتھ انھیں باضابطہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے معذرت کرنے کا بھی کہا تھا، ان کی یہ معذرت نہ صرف پی سی بی کو موصول ہوچکی بلکہ اس نے ان تینوں کھلاڑیوں کو معاف بھی کردیا ہے۔اماراتی بورڈ نے ان کھلاڑیوں سے حاصل ہونے والا جرمانہ کراچی کی ایک چیریٹی کو عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا،اگرچہ تینوں بدستور معطلی کی سزاکاٹ رہے ہیں تاہم انھیں نیپال کے خلاف آنے والی سیریز سے قبل کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ای سی بی اعلامیہ کے مطابق تین پروفیشنل کرکٹرز پر حال ہی میں ڈسپلنری پابندیاں عائد کی گئیں، ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تینوں کھلاڑیوں کی معذرت قبول کرلی ہے، جذبہ خیرسگالی کے اظہار کے طور پر ہم ان پلیئرز سے حاصل ہونے والا جرمانہ بھی کراچی کی ایک چیریٹی کو عطیہ کردیں گے۔ واضح رہے کہ پی سی بی نے ناکافی سہولتوں کی نشاندہی کرنے والے اماراتی کرکٹرز کی تو شکایت کر دی، البتہ ساؤتھ اینڈ اسٹیڈیم پر میچ کرانے والے آفیشلز کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ بورڈ مستقبل قریب میں وہاں ویمنز انٹرنیشنل مقابلوں کے انعقاد کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔